[رپورٹ: احسن جعفری]
نجکاری کے خلاف جدوجہد کو سرمایہ داری نظام کی حتمی شکست تک جاری رکھا جائے۔ شریف برادران ملکی اثاثوں کی لوٹ سیل کے ذریعے لاکھوں محنت کشوں کو بے روزگار ی کی بھینٹ چڑھا رہے ہیں۔ اعلیٰ افسروں، بیوروکریسی اور بورڈ آف گورنرز کی تنخواہوں اور مراعات کے مقابلے میں مزدوروں کی اجرتیں شرمناک حد تک کم ہیں۔ نجکاری کے لئے ٹارگٹ کئے گئے ادارے سازش کے تحت برباد کئے گئے ہیں تاکہ بیچنے کا جواز بنایا جا سکے۔ مزدورو ں کو نجکاری کے خلاف متحد ہو نا پڑے گا ورنہ آنے والی نسلیں بھیک مانگتی پھریں گی۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے زیرِ اہتمام نجکاری، مہنگائی اور سرمایہ دارانہ پالیسیوں کے خلاف پریس کلب سکھر میں لیبر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے PTUDC کے سینئر وائس چیئر مین قمر الزماں خان، وائس چیئرمین چنگیز ملک، مرکزی آرگنائزر راشد خالد، واپڈا ہائیڈرو یونین سکھر کے جنرل سیکریٹری نور محمد لاشاری، ضیاء بھٹی، ریلوے ورکرز یونین کے مالک کھوسہ، کامریڈ شہباز پھلپوٹو، کامریڈ انور پنھور اور دیگرمزدور رہنماؤں نے کیا۔
لیبر کانفرنس 8 اکتوبر 2013 بروز منگل پریس کلب سکھرمیں صبح 11 بجے منعقد کی گئی جس میں شاہ عبدالطیف یونیورسٹی ایمپلائز یونین، واپڈا اسکارپ خیرپور، واپڈا ہائیڈرو سکھر، ریلوے محنت کش یونین سکھر، ایگریکلچر ورکرز یونین خیرپوراور دیگر اداروں کے محنت کشوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کانفرنس کے اختتام پرنجکاری کے خلاف پریس کلب سکھر کے سامنے مظاہرہ بھی کیاگیا۔