قصور: نجکاری کے خلاف واپڈا کے محنت کشوں کی ہڑتال

[رپورٹ: PTUDC قصور]
واپڈا کی نجکاری کرنے والے مزدور دشمن حکمران درحقیقت آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے ملازم ہیں اور یہ اپنی ملازمت برقرار رکھنے کے لیے قومی اداروں کو کوڑیوں کے مول فروخت کرنے پر تلے ہوئے ہیں مگر واپڈا اور دیگر اداروں کے محنت کش اس امر پر متفق ہوچکے ہیں کہ کسی صورت میں نجکاری نہیں ہونے دی جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار چیئر مین واپڈا ہائیڈرو الیکٹر ک یونین ضلع قصور نوید ڈوگر ،سردار فصیح الرحمن غلام غوث، چوہدری محمد اعظم، طاہر محمود، اسلم بلوچ، عمر بانڈے اور دیگر رہنماؤں نے گزشتہ روز نجکاری کے خلاف کی جانے والی ہڑتال اور دفاتر کی تالا بندی کے موقع پر نکالے جانے والے جلوس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ واپڈا ایک ایسا ادارہ ہے کہ جس کے کل اثاثہ جات ایک سو ارب ڈالر سے بھی زیاد ہ ہیں۔ اسی طرح پی آئی اے اور دوسرے ادارے بھی صرف بیس سالہ قبل تک حکومت کو اربوں روپے کا منافع دے رہے تھے مگر ان اداروں کو بیچنے کی سازش کرنے والوں نے پہلے انہیں خسارے کی کھائی میں پھینکا اور اب انہیں مفت میں اپنے دوستوں کو دینے کی سازش کرر ہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا محنت کش طبقہ جاگ چکا ہے اور ہم کسی صورت واپڈا کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔ تالا بندی اورہڑتال صرف ایک ٹوکن کال تھی اور اگر اقتدار کے نشے میں بدمست حکمرانوں نے مزدور دشمن فیصلوں کو تبدیل نہ کیا تو پھر پورے ملک میں دمادم مست قلندر ہوگا۔