قصور: ماسٹر ٹائل گوجرانوالہ کے محنت کشوں کی حمایت میں احتجاجی مظاہرہ

[رپورٹ: جاوید ملک]
گوجرانوالہ میں ماسٹر ٹائل فیکٹری کے مزدوروں کی جبری برطرفی اور ان کے خلاف قائم کیے گئے جھوٹے مقدمات پر قصور کی مزدور تنظیمیں سراپا احتجاج بن گئی ہیں۔ آج پاکستان واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک یونین کے جنرل سیکرٹری سردار فصیح الرحمن، محمد اسلم بلوچ ،چوہدری محمد اعظم ،غلام غوث،عمر بانڈے،بلال احمد،طاہر محمود اور دیگر رہنماؤں نے ماسٹر ٹائل کے مالکان کے خلاف زبردست احتجاج کیا۔ اس موقع پر انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اب مزدوروں کو انفرادی سطح پر انتقام کا نشانہ بنانا اور انہیں بیروزگاری سے دوچار کر دینا قطعی ممکن نہیں ہے۔ ضلع قصور کی تمام مزدور تنظیموں کا اتحاد گوجرانوالہ کے بے گناہ مزدوروں کے ساتھ ہے اور ہم ان کی جدوجہد کو سلام کرتے ہوئے اس بات کا اعلان کرتے ہیں کہ وہ ہمیں جب بھی کال دیں گے ہم ہر طرح کی ہڑتال اور احتجاج میں شرکت کے لیے ان کے بتائے ہوئے مقام پر پہنچیں گے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں جب سرمایہ داروں کا اتحاد ہوچکا ہے تو محنت کشوں کو بھی عالمگیر اتحاد بنانا پڑے گا ورنہ ظالم سرمایہ دار مزدوروں کو تقسیم کرکے اپنے منافعوں اور مظالم کے عمل کو جاری رکھیں گے۔ پاور لومز ورکر یونین قصور کے جنرل سیکرٹری ذوالفقار علی ،ایپکا قصور کے صدر منظور حسین چوہدری ،پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) قصور کے فیاض احمد ،مہر سعید احمد،محمد اکرم،آصف علی،ذیشان احمد،ایم ڈی آزاد،اور دیگر مزدور نمائندگان نے گوجرانوالہ میں ماسٹر ٹائل فیکٹری مالکان کے ظلم اور ان کی طرف سے مزدوروں کے خلاف بنائے گئے من گھڑت مقدمات کی پرزور مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ضلع بھر کے مزدور ماسڑ ٹائل گوجرانوالہ کے مزدوروں کے ساتھ کھڑے ہیں اور اگر حکومت نے ماسٹر ٹائل فیکٹری کے مالکان کے خلاف کاروائی نہ کی اور جبری برطرف کیے گئے ملازمین کو بحال نہ کرایا تو پھر ہمیں سڑکوں پر آنے سے کوئی نہیں روک سکے گا۔