| رپورٹ: ارسلان شانی |
جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے زیر اہتمام 30 جنوری 2016ء بروز اتوار کو ہجیرہ (ٹانڈہ گمیر) میں یونٹ سازی کے سلسلے میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں موجودہ عہد اور نوجوانوں کے کردار کے موضوع پر بحث کی گئی۔
ایجنڈا پر بریفنگ دیتے ہوئے JKNSF کے مرکزی رہنما ابرار لطیف نے سرمایہ داری کی زوال پذیری اور اس کے پوری دنیا میں پڑنے والے اثرات پرنظر دوڑائی اور کہا کہ آج سرمایہ داری ترقی یافتہ دنیا میں بھی حاصلات واپس چھین رہی ہے، ایسے میں پوری دنیا میں بے روزگاری کے دلدل میں نوجوان نسل دھنس چکی ہے، آج نوجوانوں کا یہ فریضہ بنتا ہے کہ وہ اس نظام کے خلاف علم بغاوت بلند کریں اور اس سرمایہ دارانہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکتے ہوئے سوشلسٹ سماج کی بنیاد رکھیں۔ ابرار لطیف کے علاوہ چیئرمین ضلع پونچھ JKNSF التمش تصدق، مرکزی سیکرٹری مالیات تیمور سلیم، چیئرمین راولپنڈی برانچ واجد اصغر، سینئرنائب صدر راولپنڈی برانچ رضوان نور، صدر نومنتخب کابینہ عاقب امیر، فیضان عزیز، ارسلان شانی، کامران خالد اور دیگر نے بھی بحث میں حصہ لیا۔
قبل ازیں علاقائی یونٹ ٹانڈہ گمیرکی کابینہ کا اعلان کیا گیا جس کے مطابق عاقب امیر صدر، محسن فرید نائب صدر، خرم خان جنرل سیکرٹری، عمر محمود ڈپٹی جنرل سیکرٹری، حسیب الرحمٰن آرگنائزر، عمران اسلم سیکرٹری مالیات، ابرار احمد سیکرٹری نشرو اشاعت، جالب امیر چیئرمین سٹڈی سرکل منتخب ہوئے۔ نومنتخب کابینہ سے ضلعی چیئرمین التمش تصدق نے حلف لیا۔