راولپنڈی: کشمیر کی جدوجہد آزادی پر سیمینار کا انعقاد

| رپورٹ: JKNSF راولپنڈی برانچ |

19 فروری بروز اتوار راولپنڈی پریس کلب میں جموں کشمیر نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) راولپنڈی برانچ کے زیر اہتمام  ’’این ایس ایف کی پچاس سالہ جدوجہد و مسئلہ کشمیر‘‘ کے عنوان سے جلسہ عام کا انعقاد کیا گیا۔ جلسے میں جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے مرکزی چیئرمین سردار صغیر ایڈووکیٹ نے مہمان خصوصی کے طور پر شرکت کی جبکہ جے کے این ایس ایف کے مرکزی صدر بشارت علی نے تقریب کی صدارت کی۔ نظامت کے فرائض آصف رشید نے ادا کئے جبکہ بحث کا آغاز این ایس ایف ضلع پونچھ کے چیئرمین التمش تصدق نے کیا۔ تقریب کے دوران اسٹیج سے گزشتہ دنوں پنجاب یونیورسٹی لاہور میں اسلامی جمعیت طلبہ کی طرف سے پشتون طلبہ پر تشدد سے ایک طالب علم کو شہید کرنے اور گزشتہ دن قائد اعظم یونیورسٹی میں اسلامی جمعیت طلبہ ہی کی طرف سے پشتون طلبہ پر بہیمانہ تشدد اور غنڈہ گردی کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی۔

تقریب سے این ایس ایف کے مرکزی صدر بشارت علی، جے کے ایل ایف کے مرکزی چیئرمین سردار صغیر ایڈووکیٹ، سابق صدر این ایس ایف راشد شیخ، خلیل بابر، خواجہ جمیل، عصمت اللہ عابد، زرعی یونیورسٹی راولپندی سے بلوچ کونسل کے رہنما رفیق بلوچ، RSF راولپنڈی کے آرگنائزر احمد عمار، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر چنگیز، این ایس ایف راولپنڈی برانچ کے چیئرمین شفقت رحیم داد، زاہد اقبال ایڈووکیٹ، زاہد عارف و دیگر نے خطاب کیا۔ پی ٹی یو ڈی سی کے رہنما ڈاکٹر چنگیز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کا محنت کش طبقہ کشمیری نوجوانوں کے شانہ بشانہ کھڑا ہو کر کشمیر سے محرومیوں کے خاتمہ کے لئے ہر اول دستے کے طورپر لڑائی لڑے گا اور پی ٹی یو ڈی سی کا ہر کارکن این ایس ایف کے شانہ بشانہ لڑائی میں شامل ہو گا۔ سردار صغیر ایڈووکیٹ کا کہنا تھا کہ این ایس ایف کی پچاس سالہ جدوجہد کو تحریری شکل دینے کی کاوش نوجوانوں میں شعور و آگاہی کے حوالہ سے انتہائی اہمیت کی حامل ہے، ان کا کہنا تھا کہ لبریشن فرنٹ نہ صرف این ایس ایف کے ساتھ مل کر طبقاتی بنیادوں پر کشمیر سے محرومی کے خلاف لڑائی لڑے گی بلکہ اس خطے اور پھر عالمی انقلاب میں بھی اپنا کردار ادا کرے گی۔ آخر میں صدر تقریب بشارت علی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ این ایس ایف کی پچاس سالہ جدوجہد پر دستاویز نئی نوجوان نسل میں سیاسی شعور کو بیدار کرنے اور نوجوانوں میں سائنسی سوشلزم کے نظریات کے پھیلاؤ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ این ایس ایف نہ صرف کشمیر بلکہ ہندوستان اور پاکستان کے محنت کشوں اور نوجوانوں سے طبقاتی جڑت بناتے ہوئے برصغیر کی رضاکارانہ سوشلسٹ فیڈریشن کے قیام اور عالمی سوشلسٹ انقلاب تک جدوجہد جاری رکھے گی۔
قبل ازیں JKNSF اور PTUDC کے زیر اہتمام راولپنڈی پریس کلب سے مہنگائی، بے روزگاری، طلبہ یونین پر عائد پابندی، قومی اداروں کی نجکاری، دہشت گردی، تقسیم کشمیر و دیگر مسائل پر احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت جے کے این ایس کے مرکزی صدر بشارت علی، پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری ڈاکٹر چنگیز و دیگر رہنماؤں نے کی۔ ریلی میں بڑی تعداد میں نوجوانوں اور ٹریڈ یونین رہنماؤں نے شرکت کی۔