راولاکوٹ: جے کے این ایس ایف کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید کی برسی کے موقع پر ریلی و سیمینار

| رپورٹ:این ایس ایف پونچھ |

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے زیر اہتمام 11 فروری کو مقبول بٹ شہید کی برسی کے موقع پر راولاکوٹ میں احتجاجی ریلی و سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کا آغاز ڈگری کالج گراؤنڈ راولاکوٹ سے ہوا۔ ریلی کے شرکانے راولاکوٹ شہر کا چکر لگایا اور مہنگائی، بیروزگاری، لوڈشیڈنگ اور سرمایہ دارانہ غلاظتوں کے خلاف بھر پور نعرہ بازی کی۔ بعد ازاں ریلی مقامی ہال میں اختتام پذیر ہوئی جہاں جے کے این ایس ایف، جے کے ایس ایل ایف اور جے کے ایل ایف کے زیر اہتمام مشترکہ سیمینار منعقد ہوا۔ سیمینار سے جے کے این ایس ایف کے مرکزی صدر بشارت علی خان، مرکزی چیئرمین جے کے ایل ایف سردار صغیر خان، جے کے ایل ایف سعودیہ کے رہنماپرویز خان، جے کے این ایس ایف کے سینئر نائب صدر خلیل بابر، ایس ایل ایف کے مرکزی کنوینر صدام حیات، جے کے این ایس ایف کے ضلعی صدر التمش تصدق نے خطاب کیا۔ سیمینار سے خطاب میں مقررین نے کہا کہ کشمیر کی تحریک آزادی کو ڈی ٹریک کرنے کے لئے پراکسی وار کو پروان چڑھایا گیا اور ایک سازش کے تحت آزادی کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کی گئی ہیں۔ جب بھی کوئی تحریک حکمرانوں کے لئے خطرہ بنتی ہے تو یہ حکمران طبقہ مختلف پروپیگنڈوں کے ذریعے اس کو زائل کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ آزادی کے اس سفر میں جہاں حکمرانوں نے ایجنسیوں کے ذریعے پراکسی جنگوں کا آغاز کیا وہیں آزادی کی تحریک میں سرگرم انقلابیوں پر وحشیانہ تشدد کیا گیا۔ آزادی کی لڑائی لڑنے والے ان انقلابی رہنماؤں کو سولی چڑھایا گیا۔ لیکن تاریخ گواہ ہے کہ حکمران طبقہ ایک شخص کو تو قتل کر سکتا ہے لیکن اس کے افکار کو ختم نہیں کیا جا سکتا۔ 1984ء میں مقبول بٹ کو شہید کیا گیا تھا لیکن آج مقبول بٹ کی آزادی کی وہی آواز کشمیر کے چپے چپے سے ابھر رہی ہے۔ ہم مقبول بٹ شہید کا مشن اس خطہ میں انقلاب کر کے پورا کریں گے اور اس خطہ سے سرمایہ داری کا مکمل خاتمہ کر کے حقیقی معاشی و قومی آزادی کی بنیاد رکھیں گے۔