راولاکوٹ: مقبول بٹ کی برسی کے موقع پرریلی اور سیمینار

| رپورٹ: التمش تصدق |
جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے زیر اہتمام مقبول بٹ شہید کی برسی کے موقع پر مہنگائی، بے روزگاری، طبقاتی نظام تعلیم، طلبہ یونین پر عائد پابندی اور سامراجی تسلط کے خلاف پوسٹ گریجویٹ کالج راولاکوٹ سے ریلی نکالی گئی جس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی میں طبقاتی نظام تعلیم نامنظور، سامراجی غلامی نامنظور، آئی ایم ایف مردہ باد، ورلڈبینک مردہ باد، سرمایہ داری مردہ باد کے نعرے بلند کئے گئے۔ ریلی کے احاطہ عدالت میں پہنچنے پر سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے مرکزی چیف آرگنائزر JKNSF تنویر انور، مرکزی سینئر نائب صدر خلیل بابر، مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل کاشف رشید، مرکزی سیکرٹری نشرواشاعت نقاش امین، ضلعی صدر التمش تصدق، ضلعی سیکرٹری جنرل سہیل اسماعیل، ضلعی آرگنائزر عاصم ارشاد اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے کہا کہ برصغیر کی خونی تقسیم کے وقت سامراج نے کشمیرکوایک زخم کی طرح خطے کے جسم پر چھوڑا تھا جو آج تک رِس رہا ہے۔ جہاں ان دونوں ملکوں میں عوام کی زندگی اجیرن ہے وہیں خطہ کشمیر کے محنت کش اور نوجوان عذاب در عذاب سے دوچار ہیں۔ بنیادی سہولیات اور انفراسٹرکچر نہ ہونے کے برابر ہے۔ سامراجی گدھ وسائل لوٹنے میں مصروف ہیں۔ لوڈ شیڈنگ، مہنگائی، بے روزگاری، طبقاتی نظام تعلیم نے عوام کی زندگی کو اذیت ناک بنا رکھا ہے۔ لاکھوں نوجوان روزگار کی تلاش میں بیرون ملک خاک چھاننے پرمجبور ہیں۔ انہی ظلمتوں اور سیاہ رات کے اندھیروں کے خلاف کشمیر کے عوام نے ایک طویل لڑائی لڑی ہے اور جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں۔ مقبول بٹ بھی انہی انقلابی سپاہیوں میں سے ایک تھا جس نے اپنی جان کی پرواہ نہ کرتے ہوئے قومی اور طبقاتی استحصال کے خلاف علم بغاوت بلند کیاجس کی پاداش میں انہیں سامراجیوں نے موت کے گھاٹ اتار دیا۔ آج ان کے یوم شہادت کے موقع پر ہم تجدید عہد کرتے ہیں کہ کشمیر کی آزادی اور غیر طبقاتی سماج کے قیام تک سوشلسٹ انقلاب کی ناقابل مصالحت جدوجہدجاری رکھیں گے اور اس سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کر کے ان ظلمتوں کا بدلہ لیں گے۔