ہجیرہ :شہدائے چکوٹھی کی برسی کے موقع پر ریلی و سیمینار

| رپورٹ: ارسلان شانی |

جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے زیر اہتمام مورخہ 13 فروری کو یوم شہدائے چکوٹھی کے موقع پر ہجیرہ میں احتجاجی ریلی اور سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔
ریلی کا آغاز دن 12 بجے ڈگری کالج گراؤنڈ ہجیرہ سے کیا گیا۔ ریلی کے شرکانے عوامی مسائل کے گرد شدید نعرہ بازی کی۔ ریلی اپر اڈہ کے قریب جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی۔ جلسہ سے مرکزی صدر جے کے این ایس ایف بشارت علی خان،مرکزی چیف آرگنائزر تنویر انور، ضلعی چیئرمین جے کے این ایسایف التمش تصدق،مرکزی رہنما ابرار لطیف،رہنما این ایس ایف ہجیرہ ارسلان شانی، صدام خان اور دیگر نے خطاب کیا۔ مقررین نے خطاب میں کہا کہ سرمایہ داری اپنی طبعی عمر پوری کر چکی اور یہ انسانیت کے خون پر مصنوعی طور پر زندہ ہے۔ پوری دنیا میں سرمایہ داری کے زوال کے باعث بے چینی کی کیفیت جاری ہے۔ اس صورتحال میں پوری دنیا کے محروم و مجبور عوام اپنے حقوق کے لئے فیصلہ کن لڑائی لڑنے کے لئے آگے بڑھ رہے ہیں۔ قومی و طبقاتی محرومی کے خلاف عوامی تحریکیں زوروں پر ہیں جس سے حکمران طبقہ اور سرمایہ داری شدید مضطرب ہیں اور بوکھلاہٹ میں آ کر وہ عوام کی ان تحریکوں پر حملے کر رہے ہیں۔ کشمیر کے عوام بھی قومی اور طبقاتی محرومی کے خلاف ناقابل مصالحت لڑائی لڑ رہے ہیں جس سے بوکھلا کر ہندوستانی فوج بربریت کی نت نئی داستانیں رقم کر رہیں۔ المیہ یہ ہے کہ قیادت کے فقدان کے باعث یہ تحریک اپنے منطقی انجام تک آج تک نہ پہنچ سکی اور کشمیر کی قیادت دہلی اور اسلام آباد میں بیٹھے پنے آقاؤں کے شاروں پر ناچ رہی ہے۔ ایسی صورتحال میں جے کے این ایس ایف نے نوجوانوں کی شعوری تربیت کا بیڑہ اٹھایا ہے اور این ایس ایف ہی اس خطہ کی وہ واحد قوت ہے جو جدید سائنسی بنیادوں پر اپنی جدوجہد کر رہی ہے اور کشمیر کی آزادی کی لڑائی جدید تقاضوں کے مطابق لڑ رہی ہے۔ اس لڑائی میں این ایس ایف کے نوجوانوں نے ناقابل مصالحت لڑائی لڑی، اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور این ایس ایف کا علم بلند رکھا۔ اس خطے میں کامیاب سوشلسٹ انقلاب ہی قومی و معاشی محرومی کے خاتمہ کا باعث بنے گا اور سرمایہ داری کو جڑ سے اکھاڑ کر ہی ہم اپنے شہدا کے خون کا بدلہ لیں گے۔