مظفرآباد: مقبول بٹ اور شہدائے چکوٹھی کی برسی کے موقع پر ریلی اور کنونشن

| رپورٹ: JKNSF مظفر آباد |
شہید کشمیر مقبول بٹ اور شہدائے چکوٹھی کی برسی 11 فروری کومظفر آباد میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے زیر انتظام منائی گئی۔ اس موقع پر ڈگری کالج سے غربت، بیروز گاری، مہنگائی، دہشت گردی، لوڈشیڈنگ، طلبہ یونین پر عائد پابندی، سامراجی جبر اورتقسیم کشمیر کے خلاف احتجاجی ریلی کا آغار صبح 10 بجے کیا گیا جو مختلف شاہراہوں سے ہوتی ہوئی تانگہ سٹینڈپہنچی۔ ریلی میں شریک سینکڑوں نوجوانوں نے ’’سر خ ہے سرخ ہے، ایشیا سرخ ہے‘‘ اور’’سو شلسٹ انقلاب زندہ باد‘‘ کے فلک شگاف نعرے بلند کئے۔ تانگہ سٹینڈ پہنچنے پر مقامی ہوٹل کے ہال میں ’’شہدائے چکوٹھی ضلعی کنونشن‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ JKNSF کے مرکزی صدر بشارت علی، مرکزی ڈپٹی آرگنائزر خواجہ جمیل، نو منتخب صدر کامریڈ مروت، جنرل سیکرٹری دلاور راٹھور، ثاقب اکرم، صدام، مجتبیٰ، سابق مرکزی صدر راشد شیخ، ریحان شاہ اور دیگر نے کنونشن کے شرکا سے خطاب کر تے ہوئے کہا ہے کہ مقبول بٹ شہید اور شہداے چکوٹھی کی جدوجہد لازوال قربانیوں کی داستان ہے، شہدا نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر کشمیر کی تحریک آزادی کو نئی جان بخشی، حکمران طبقہ یہ سمجھ بیٹھا تھا کہ مقبول بٹ کے عدالتی قتل سے کشمیر کے محنت کش عوام کی جدوجہد بھی ختم ہو جائے گی لیکن آج ہزاروں سرخ پوش نوجوان JKNSF کا سرخ علم تھامے آگے بڑھ رہے ہیں۔ شہدائے چکوٹھی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ شہدائے چکوٹھی نے لائن آف کنٹرول کی خونی لکیر کو اپنے پاؤں تلے روند کر یہ ثابت کیا تھا کہ کشمیر کے عوام سامراجی ریاستوں کی ان جعلی لکیروں کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتے۔ اس موقع پر موجودہ عہد میں نوجوانوں کے کردار اور کشمیر کے قومی سوال پر تفصیلی بحث ہوئی۔ آخر میں نو منتخب ضلعی کابینہ سے مرکزی نائب صدر کامریڈ عصمت نے حلف لیا۔