رپورٹ: JKNSF مظفرآباد
مورخہ 26 ستمبر 2017ء کو فہیم اکرم شہید کے یوم شہادت کے موقع پر مظفرآباد میں جموں کشمیر نیشنل اسٹوڈنٹس فیڈریشن کے زیر اہتمام طلبہ یونین کی بحالی اور مفت تعلیم کی فراہمی کے حق میں احتجاجی ریلی اور مظاہرے کا انعقاد کیا گیا۔ریلی کا آغاز دن 11 بجے پوسٹ گریجویٹ کالج مظفرآباد سے کیا گیا۔ دوران ریلی این ایس ایف کے نوجوانوں نے بھوک، ننگ، غربت، مہنگائی، بیروزگاری، سرمایہ داری کے خلاف نعرے بازی کی اور اس کے علاوہ طلبہ حقوق کی بحالی کے حوالے سے بھی نعرے بازی کی گئی۔ ریلی کا اختتام اپر اڈہ یونیورسٹی سٹی کیمپس کے سامنے کیا گیا اور وہاں پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے سے جے کے این ایس ایف کے مرکزی سیکرٹری جنرل یاسر حنیف، نائب صدر مروت راٹھور،ڈپٹی سیکرٹری جنرل باسط باغی، چیف ایڈیٹر عزم التمش تصدق، دلاور راٹھور، کامریڈ فہد، رخسار احمد، عصمت اللہ عابد اور دیگر نے خطاب کیا جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض کامریڈ اویس علی نے سر انجام دیے۔ دوران خطاب مقررین نے فہیم اکرم شہید کی لازوال جدوجہد کو خراج عقیدت پیش کیا اور فہیم کی جدوجہد کو آج کے عہد میں جدید بنیادوں پر جاری رکھنے کاعزم کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ سرمایہ داری کے زوال کی وجہ سے آج پوری دنیا می انسانوں کا معیار زندگی گر رہا ہے، آج کا نوجوان روزگار سے محروم ہے، تعلیم کاروبار بن چکی ہے، صحت کی سہولتیں چھین لی گئی ہیں،طلبہ یونینز پر پابندیاں ہیں۔ان تمام تر مسائل کے حل کے لئے جے کے این ایس ایف نہ صرف کشمیر بلکہ دنیا بھر میں سوشلسٹ انقلاب کی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہے۔