راولاکوٹ: جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کی ریلی

[رپورٹ: حارث قدیر]
جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے زیر اہتمام انقلاب کشمیر کنونشن کی تیاریوں کے سلسلہ میں راولاکوٹ شہر میں موٹر سائیکل و کار ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں کثیر تعداد میں موٹرسائیکل سواروں نے شرکت تھی۔ موٹر بائیک ریلی پوسٹ گریجویٹ کالج گراؤنڈ سے شروع ہوئی اور شہر بھر کا چکر لگاتے ہوئے احاطہ کچہری میں اختتام پذیر ہوئی۔ شرکاء ریلی انقلابی نعرے بلند کرتے رہے اور گاڑیوں پر ترانے بھی لگائے گئے تھے۔

ریلی کے اختتام پر مرکزی سیکرٹری جنرل خلیل بابر نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ JKNSF انقلابی طلبہ سیاست کی سنہری روایات کی امین ہے، مظفرآباد میں 24 اور 25 ستمبر کو ہونے والا 19واں مرکزی کنونشن بھارتی کشمیر سمیت پورے خطے کے محنت کش عوام اور نوجوانوں کو نجات کا پیغام دیگا۔انہوں نے کہا کہ آج کا عہد متقاضی ہے کہ اس نظام کیخلاف ایک فیصلہ کن لڑائی کیلئے عالمی محنت کش طبقے کا اتحاد بناتے ہوئے آگے بڑھا جائے اور اس انسانیت دشمن نظام کو جڑ سے اکھاڑتے ہوئے طبقات سے پاک معاشرے کا قیام عمل میں لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ سکاٹ لینڈ میں ہونیوالے ریفرنڈم کے بعد ایک مرتبہ پھر کشمیر میں قومی آزادی کے نام پر دکانداری کرنیوالوں نے عالمی اداروں کی طرف یاس و امید کی نظریں گاڑ دی ہیں اور انسانیت کا خون نچوڑنے والے سامراجی گدھوں سے آزادی کی بھیک مانگی جارہی ہے۔ لیکن JKNSF کا پہلے دن سے موقف رہا ہے کہ اقوام متحدہ سمیت تمام عالمی ادارے اس نظام کے تحفظ اور دنیا بھر کے وسائل کو لوٹنے میں حکمرانوں کی معاونت و مدد کیلئے بنائے گئے ہیں۔ سامراج کے یہ دلال دنیا کے کسی بھی خطے میں عوام کو آزادی نہیں دلوا سکتے ہیں۔ ہمیں دنیا بھر کے محنت کشوں اور نوجوانوں سے طبقاتی بنیادوں پر اتحاد بناتے ہوئے اس نظام کے حاشیہ برداروں اور رکھوالوں کیخلاف انقلابی جنگ لڑنا ہو گی۔

سائنسی سوشلزم کے نظریات کے علاوہ سسکتی ہوئی انسانیت کے پاس نجات کاکوئی راستہ موجود نہیں ہے، اس واحد راستے کو ہموار کرنے اور حتمی فتح حاصل کرنے تک JKNSF کے نوجوان اپنی بھرپور جدوجہد جاری رکھیں گے۔