پلندری: نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کا مقبول بٹ شہید ضلعی کنونشن

[رپورٹ: دانش ظہور]
جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے زیر اہتمام ضلع سدہنوتی (پلندری) میں مقبول بٹ شہید ضلعی کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔ کنونشن میں ضلع سدہنوتی کی ضلعی کابینہ کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔ کنونشن کے موقع مہنگائی، بے رو زگاری، لوڈ شیڈنگ، نجکاری اور دہشت گردی کے خلاف پلندری میں ایک احتجاجی ریلی بھی نکالی۔ ریلی کا آغاز بوائز ڈگری کالج پلندری سے ہوا۔ ریلی نے پورے شہر کا چکر لگایا اور اس دوران سرمایہ داری، آئی ایم ایف، ورلڈ بینک، نج کاری، لوڈ شیڈنگ، طبقاتی نظام تعلیم اور حکمرانوں کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

اس موقع پر کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے JKNSF کے سابق چیئرمین راشدشیخ، خلیل بابر، ابرار لطیف، پیپلز پارٹی پونچھ ڈویژن کے سیکریٹری جنرل ظہیر ایڈووکیٹ، JKNSF کے مرکزی سیکرٹری نشر واشاعت یاسر حنیف، وحید عارف، نو منتخب چیئرمین ضلع سدہنوتی مہران ذاکر، JKNSF کے سابق آرگنائزر کامریڈ جنید، JKNSF ضلع پونچھ کے چیئرمین التمش تصدق، نومنتخب سنیئر وائس چیئرمین شہزاد لطیف، نومنتخب آرگنائزر سدہنوتی نعمان علی، پی ایس ایف کے کامریڈ شمیم، دانش ظہور، سیف عظیم اور دیگر نے کہا کہ ضلع سدہنوتی میں یہ کنونشن ایک تاریخی اہمیت کا حامل ہے کیونکہ یہ علاقہ ماضی میں دائیں بازو اور رجعتی عناصر کا گڑھ رہا ہے۔ JKNSF نے یہاں انقلابی قوت کی بنیاد رکھ دی ہے اور یہ عمل آگے چل کر ایک غیر طبقاتی سماج کے قیام پر ہی منتج ہوگا۔ انھوں نے کہا کہ طلبہ کو سوشلزم کے نظریات سے مسلح کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ نوجوان ہی کسی سماج کا مستقبل ہوتے ہیں۔ آج سرمایہ دارانہ نظام ایک ناسور بن چکا ہے، اس نظام کو بچانے کی تمام تر کوششیں ناکامی سے دوچار ہورہی ہیں۔ اس نظام کے بحران کی قیمت بھی محنت کش عوام کو ہی ادا کرنی پڑ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ اس رستے ہوئے ناسور سے نجات کے لیے پوری دنیا میں محنت کشوں کی تحریکیں جنم لے رہی ہیں۔ ضرورت اس امر کی ہے کہ ان تحریکوں کو سماج کی سوشلسٹ تبدیلی کے تاریخی فریضے سے جوڑا جائے اور اس ظالمانہ نظام پر آخری اور فیصلہ کن وار کیا جائے۔ اس سلسلے میں طلبہ کا ایک کلیدی کردار بنتا ہے۔ JNKSF نے طلبہ کے اس کلیدی کردار کو نکھارنے میں ہمیشہ اہم کردار ادا کیا ہے۔ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر مقررین نے کہا کہ کشمیر ی عوام ایک لمبے عرصے سے دو سامراجی قوتوں کے درمیان سینڈ وچ بن کے رہ گئے ہیں۔ کشمیر کے نام پر دونوں ممالک نے اسلحے کے انبھار لگا دیئے ہیں جبکہ دوسری طرف کشمیر کی ہی طرح ان دونوں ممالک کے عوام انتہائی غربت میں زندگی گزار رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ کشمیر اور پاک و ہند کے محنت کش عوام کے دکھ درد ایک جیسے ہیں اور ان کا مستقبل بھی ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔

JKNSF کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین خلیل بابر نے نو منتخب کابینہ سے حلف لیا۔ مقررین نے نو منتخب کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے ان سے اس توقع کا اظہار کیا کہ وہ مارکسی نظریات کے پرچم کو سربلند رکھنے کے لیے اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں گے۔