ہجیرہ: جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کے ضلعی کنونشن کا انعقاد

رپورٹ: نقاش

مورخہ 21 جولائی کو جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) نے ہجیرہ میں متاثرینِ لائن آف کنٹرول کی بحالی اور طبقاتی نظام تعلیم، سامراجی جبر اور حالیہ نافذ کردہ ٹیکسوں کے خاتمے کے نعروں سے احتجاجی مظاہرے کا انعقاد کیا۔ مظاہرے کا آ غاز کالج گراؤنڈ ہجیرہ سے کیا گیا۔ مظاہرین کنٹرول لائن کے متاثرین کو بحال کرو ،لائن آف کنٹرول پر ایمبولینس سروس فراہم کرو ، ظالمانہ ٹیکس واپس لو ، متاثرین ایل او سی کو معاوضہ دو کے نعرے لگا رہے تھے ۔ احتجاجی ریلی کے شرکا نے پورے شہر کا چکر لگاتے ہوئے سپلائی گراؤنڈ میں جلسہ عام کا انعقاد کیا۔ جلسہ سے مرکزی صدر این ایس ایف ابرار لطیف ، سابق مرکزی صدر بشارت علی خان ، چیئرمین ایس ایل ایف راجہ عابد علی ، جے کے پی این پی کے رہنما واجد علی ایڈووکیٹ، شفاعت فیضی، عثمان عزیز، نوید شوکت، یاسر حنیف، شفقت رحیم، التمش تصدق، باسط خان ، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی رہنما بشریٰ سمیت دیگر مقرین نے خطاب کیا اور کہا کہ محنت کشوں اور نوجوانوں کی جرات پر مبنی جدوجہد کے بغیر کامیابی حاصل نہیں ہو سکتی۔ سرمایہ دارانہ نظام کے رکھوالے حکمران اس خطے کے محنت کشوں اور نوجوانوں کے خون کا آ خری قطرہ تک نچوڑنے کے درپے ہیں۔ ہمیں استحصالی طبقات کے خلاف نظریاتی اور سائنسی بنیادوں پر جدوجہد کرنا ہو گی۔ تا کہ ریاست جموں کشمیر اور پورے خطے کے کروڑوں باسیوں کو حقیقی معنوں میں آ زادی مل سکے۔ مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں صحافی شجاعت بخاری کے قتل کی بھی بھرپور مذمت کی۔ اس موقع پر جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کی قیادت نے ہر قسم کے دھونس اور جبر کے خلاف وزیرستان سے عوامی حقوق کی آواز اٹھانے والے رہنما علی وزیر کی بھرپور حمایت کا اعادہ بھی کیا۔ اس سے قبل ضلعی کنونشن میں جے کے این ایس ایف کی ضلعی باڈی کا اعلان بھی کیا گیا جس کے مطابق سبحان عبدالمالک چیئرمین، ستار سینئر وائس چیئرمین، طاہر لطیف وائس چیئرمین، کامران خالد جنرل سیکرٹری، عاطف آرگنائزر، زاہد حلیم ڈپٹی آرگنائزر، اسامہ ریاض جوائنٹ سیکرٹری، ذیشان ممتاز سیکرٹری مالیات اور نقاش سیکرٹر ی نشر و اشاعت منتخب ہوئے۔