| رپورٹ: حارث قدیر |
جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن نے دہشت گردی، انتہا پسندی، غربت، بیروزگاری، مہنگائی اور سرمایہ داری نظام کیخلاف ارشد بلو شہید کی برسی کے موقع پر ہفت روزہ تقریبات منعقد کرنیکا اعلان کر دیا ہے۔ جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن کا مرکزی اجلاس راولپنڈی سیکرٹریٹ میں منعقد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے مرکزی صدر بشارت علی خان نے کہا کہ پر امن خطہ کشمیر کو کسی صورت افغانستان اور شام نہیں بننے دیا جائیگا، جموں کشمیر این ایس ایف نے 90ء کے دہائی میں بھی واضح اور دو ٹوک موقف دیا تھا کہ یہ جہاد نہیں بلکہ کشمیر میں پھیلایا جانیوالا فساد ہے جس کے نتیجے میں صرف اور صرف کشمیری نوجوانوں کا خون بہایا جائیگا، تاریخ اور وقت نے این ایس ایف کے جدید سائنسی نظریات کی بنیاد پر اپنائے گئے موقف کو درست ثابت کیا اور مذہبی بنیادوں پر کشمیر کی قومی آزادی کی تحریک کو تقسیم کرتے ہوئے دہشت گردی کا لیبل لگا دیا گیا۔
سوشلزم کے عظیم سائنسی آدرشوں کیلئے سینہ سپر رہنے والے این ایس ایف کے عظیم قائد ارشد بلو شہید کی برسی کے موقع پر این ایس ایف فکری اور نظریاتی بنیادوں پرخطہ کشمیر کے نوجوانوں اور محنت کشوں کے مستقبل کے حوالے سے لکھے گئے تناظر پر مشتمل ڈاکومنٹ کی رونمائی کی تقاریب منعقد کرنے کے ساتھ ساتھ خطہ کشمیر کے نوجوانوں اور محنت کشوں کو پر امن سیاسی نظریاتی جدوجہد کے تقاضوں سے آگاہ کیا جائیگا، آج ایک مرتبہ پھر کشمیر کو کشت و خون میں نہلانے کی دونوں اطراف سے سازشیں کی جا رہی ہیں، بھارتی خفیہ ادارے کشمیر میں اپنے پالتو دہشت گردوں کے ذریعے تعلیمی اداروں کو تباہ کرنے کے علاوہ لوٹ مار کر کے خوف و ہراس پھیلانے اور کشمیری نوجوانوں کی خود رو تحریک کو نیست و نابود کرنے کی ساز ش کر رہے ہیں، دوسری جانب وزیرستان سے بلوچستان، پنجاب اور سندھ کے شہروں، دیہاتوں، عبادت گاہوں، تعلیمی اداروں کو دہشت گردی کے ذریعے تباہ کرنے والے عناصر کشمیر کی تحریک کو سبوتاژ کرنے کیلئے اپنی بنیادیں قائم کرنیکی کوششیں کر رہے ہیں، کچھ عرصہ قبل سوات کی پر امن سرزمین پر بھی اسی طرح کے پمفلٹ، دھمکی آمیز خطوط جاری کئے گئے تھے پھر وہاں ترقی پسندوں کیخلاف محاذ قائم کرتے ہوئے صوفی محمد کی قیادت میں شدت پسند عناصر نے شریعت نافذ کرنے کا اعلان کرتے ہوئے ریاستی رٹ کو چیلنج کر دیا تھا اور قتل و غارت گری کا اندھا بازار گرم کیا گیا، آج کشمیر کے پر امن خطے کو بھی اسی ڈگر پر لے جانیکی سازش کی جا رہی ہے، اجلاس سے این ایس ایف کے سابق صدر راشد شیخ، سیکرٹری جنرل خواجہ جمیل، سینئر نائب صدر خلیل بابر، چیف آرگنائزر تنویر انور، نائب صدر عصمت اللہ عابد، ڈپٹی جنرل سیکرٹری کاشف رشید، ڈپٹی چیف آرگنائزر کفایت اللہ خان، ضلعی چیئرمین پونچھ التمش تصدق، ضلعی چیئرمین مظفرآباد مروت راٹھور، ضلعی چیئرمین باغ راشد باغی، ابرار لطیف، زاہد عارف، تیمور سلیم، ارسلان شانی، دانیال عارف اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا، مقررین نے کہا کہ جموں کشمیر این ایس ایف اس خطے میں اپنی پر امن سیاسی جدوجہد کو جاری رکھتے ہوئے غربت، مہنگائی، بیرزگاری، لاعلاجی، انفراسٹرکچر کی بدحالی، دہشت گردی، انتہا پسندی اور تمام مسائل کی جڑ سرمایہ داری نظام کے خاتمے کے لئے سرگرم عمل ہے، کشمیر کی قومی آزادی کی جدوجہد کو طبقاتی بنیادوں پر بالخصوص برصغیر اور بالعموم دنیا بھر کے محنت کشوں اور نوجوانوں کی جدوجہد سے منسلک کرتے ہوئے طبقات سے پاک معاشرے کے قیام کیلئے جدوجہد جاری و ساری رکھی جائے گی۔