| رپورٹ: قادر نذیر |
جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے زیر اہتمام 2 اکتوبر کو علی سوجل (کشمیر) میں مہنگائی، بے روزگاری، لوڈٖشیڈنگ اور کرپشن کے خلاف ایک احتجاجی ریلی نکالی گئی جس کی قیادت مرکزی سینئر نائب صدر خلیل بابر نے کی۔
بعد از ریلی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے مرکزی سینئر نائب صدر کے علاوہ مرکزی چیف آرگنائزر این ایس ایف تنویر انور، صدر ضلع پونچھ این ایس ایف التمش تصدق، صدر این ایس ایف راولپنڈی واجد اصغر، سینئر نائب صدر راولپنڈی برانچ رضوان نور، نائب صدر راولپنڈی برانچ شفقت رحمداد، ضلعی آرگنائزر عاصم ارشاد، تحصیل صدر قادر نذیر اور کامریڈبشیر نے خطاب کیا جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض کامریڈعثمان نے انجام دئیے۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوے مقررین نے کہا کہ آج مہنگائی، بے روزگاری، کرپشن اور دیگر اذیتوں نے عوام کا جینا محال بنا لیا ہے۔ اکثریتی عوام کو دو وقت کی روٹی تک میسر نہیں۔ انفراسٹرکچر کھنڈرات کا منظر پیش کر رہا ہے۔ ہسپتال یا تو موجود ہی نہیں ہیں اورجہاں ہیں بھی تو ادویات سمیت کسی قسم کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔ ایسے میں حکمران مختلف قسم کی بنیاد پرست مذہبی تنظیموں کو ابھار رہے ہیں۔ یہ دہشت گرد تنظیمیں معاشی مسائل سے گھرے ہوے معصوم اور سادہ لوح نوجوانوں کو استعمال کر کے حیوان صفت ذہنیت پروان چڑھا رہی ہے۔ قومی ایکشن پلان کے نام پر ترقی پسند طلبہ تنظیموں پر پابندی لگائی جارہی ہے اور ان درندہ صفت تنظیموں کو کھلی آزادی دے رکھی ہے۔ اس کا منہ بولتا ثبوت علی سوجل میں ان بنیاد پرست گروہوں کی جانب سے کھلے عام اسلحہ کی فروخت ہے اور پولیس ان کے دم چھلوں کا کردار ادا کر رہی ہے۔ تمام قوم پرست اور مذہبی تنظیمیں سرمایہ داری پر ایمان لا چکی ہیں اور ان کا نظریہ سرمایہ داری کے تحفظ تک محدود ہو چکا ہے۔ لیکن این ایس ایف اپنے اولین دن سے ہی ایسے کرداروں کو سرعام بے نقاب کرتی آئی ہے اور سائنسی نظریات کو لیکر ہر ایک نوجوان تک جانا اس کا مقصد ہے۔ ان تمام تر محرومیوں اور غلاظتوں کا خاتمہ صرف اور صرف سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے سرمایہ دارانہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ کر ہی کیا جا سکتا ہے۔