[رپورٹ:کامریڈ حاتم]
14 اگست کو جہاں حکمران طبقات نام نہاد آزادی کا جشن منا رہے تھے وہاں ملک بھرکی طرح جامپور میں بھی بے روزگار نوجوان تحریک (BNT) کے زیر اہتمام بے روزگاری، بھوک، غربت، لا علاجی، لوڈشیڈنگ، دہشت گردی اورمہنگائی کے خلاف شہر کے وسط، ٹریفک چوک جامپور میں ایک احتجاجی کیمپ لگایا گیا۔ کیمپ کا آغاز صبح 8:00 بجے کامریڈ روف لنڈکی قیادت میں کیا گیا۔ کیمپ کو منظم کرنے میں BNT جامپور کے کامریڈ طیب، حاتم، سچل، عقیل، غضنفر، ظفر اور عرفان پتافی نے سرگرم کردار ادا کیا۔ کیمپ کو بینرز سے آویزاں کیا گیا تھا جن پر ’’جب تک جنتا بھوکی ہے، یہ آزاد ی جھوٹی ہے‘‘ اور ’’جب تک جنتا تنگ رہے گی، جنگ رہے گی جنگ رہے گی‘‘ کے نعرے درج تھے۔ جامپور شہر اور دیگر علاقوں سے آنے والے طلبہ اور نوجوان بڑی تعداد میں کیمپ پر جمع ہوئے سیاسی بحث ومباحثے تمام دن جاری رہے۔ BNT کی طرف سے ایک لیف لیٹ بھی تقسیم کیا گیا جس میں عوام کے حقیقی مسائل اور ان کی وجوہات بیان کرتے ہوئے محنت کشوں اور نوجوانوں سے سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف طبقاتی بنیادوں پر یکجا ہونے کی اپیل کی گئی۔ اس موقع پر سو کے قریب نوجوانوں نے BNT میں اپنا نام رجسٹر کروایا۔ کیمپ شام پانچ بجے تک جاری رہا۔