رپورٹ:سعد ناصر:-
جموں وکشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن گزشتہ دنوں بہاؤلدین زکریا یونیورسٹی ملتان میں اسلامی جمعیت طلبا کے درجنوں وحشی غنڈوں کے ریاستی پشت پناہی میں پی۔ایس۔ایف کے طلبا پر وحشیانہ تشدد اور فائرنگ کی بھر پور مذمت کرتی ہے۔ جمعیت کے یہ وحشی غنڈے یونیورسٹی میں زیر تعلیم نہیں اور ینویورسٹی سے باہر سے مسلح ہو کر حملہ آور ہوئے تھے۔
ایک طرف پیپلز پارٹی کی حکومت اپنے بنیادی منشور سوشل ازم سے مکمل انحراف کرچکی ہے اور دوسری طرف منظم اور باقاعدہ منصوبہ بند ی کے تحت بنیاد پرست جماعتوں کے ذریعے اسلحہ کلچر کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ تاکہ نوجوان انقلابی سوشل ازم کے نظریات کی طرف راغب ہونے کے بجائے بے معنی اور بے ہودہ قسم کی آپسی رنجشوں اور دشمنی کی بھینٹ چڑھتے رہیں کیونکہ موجودہ نظام کے اندر جہاں سرمایا داری اپنے تاریخی زوال کی وجہ سے محنت کشوں اور نوجوانوں کی زندگیاں مہنگائی ،بیروزگاری ،لوڈشیڈنگ،فیسوں میں بے تحاشہ اضافہ کر رہی ہے وہاں دوسری طرف ٹارگٹ کلنگ اور دہشت گردی کے ذریعے نوجوانوں اور محنت کشوں کو اپنے مسائل کے حل کے خلاف ہراساں کر رہی ہے۔نام نہاد جمہوری دور میں ابھی تک طلبا یونین پر سے پابندی کاخاتمہ نہیں ہو سکا جبکہ رجعتی اور بنیاد پرست طلبا تنظیمیں تمام تعلیمی اداروں میں دندناتی پھر رہی ہیں۔ تبلیغی جماعت سے لے کر جمعیت تک کسی کو بھی تعلیمی اداروں کی انتظامیہ کی طرف سے پابندی کا سامنا نہیں لیکن جب کبھی ترقی پسند طلبا تنظیمیں سرگرمی کریں تو انہیں ادارے کی انتظامیہ اور ریاستی غنڈوں کی جانب سے نشانہ بنایا جاتا ہے۔
جموں وکشمیر نیشنل سٹوڈنٹ فیڈریشن مطالبہ کرتی ہے کہ اس غنڈہ گردی اور دہشت گردی کے خلاف ملوث افراد کے خلاف فوری طور پر گرفتاریاں عمل میں لائی جائیں نہیں تو جموں وکشمیر نیشنل سٹوڈنٹ فیڈریشن آزادکشمیر سمیت پاکستان بھر میں تحریک چلائے گی۔ ان خیالات کا اظہار جموں وکشمیر نیشنل سٹوڈنٹ فیڈریشن پلندری کی طرف سے کی جانے والی پریس کانفرنس میں جموں وکشمیر نیشنل سٹوڈنٹ فیڈریشن کے مرکزی ڈپٹی جنرل سیکرٹری کامریڈ جنید اقبال ،مرکزی رہنما سعد ناصر ،مخدوم انور ،سیف اعظم اور دیگر نے کیا۔ جموں وکشمیر نیشنل سٹوڈنٹ فیڈریشن تمام ترقی پسند طلباء تنظیموں سے یکجہتی کی بھر پور اپیل کرتی ہے۔