اسلام آباد: واپڈا کے مزدوروں کا نجکاری کے خلاف مظاہرہ

| رپورٹ : اسلام آبا د |
مورخہ 4 مارچ بروز بدھ واپڈا ہائیڈرو یونین کے زیر اہتمام نجکاری کے خلاف مریڑ حسن سے کچہری چوک تک ریلی نکالی گئی جس میں سینکڑ وں مزدوروں نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت ملک فتح خان (زونل چیئرمین)، جاوید بلوچ (ریجنل چیرمین لیسکو)، محمد تاج (چیئرمین) اور راجا خلیل (سینئر وائس چیئرمین) نے کی۔ مظاہرین نے پلے کارڈز اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر نجکاری کے خلاف نعرے درج تھے۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی نمائندگی چنگیز ملک، آصف رشید اور راجہ عمران نے کی۔ مظا ہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا حکومت نے نجکاری کا فیصلہ واپس نہ لیا تو ہم حکمرانوں کے ایوانوں کی بجلی بند کردیں گے۔ چنگیز ملک نے PTUDC کی طرف سے واپڈا کے مزدوروں کو مکمل حمایت کا یقین دلاتے ہوئے کہا کہ ہم آپ کی اس جدوجہد میں شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہائیڈرویونین کی مرکزی و اعلیٰ قیادت کو مکمل تالا بندی اور حکمرانوں کے ایوانو ں کی بجلی بند کرنے کا اعلان کرنا چاہئے کیونکہ یہ حکمران لاتوں کے بھوت ہیں جو باتوں سے نہیں مانیں گے، مزدور اتحاد وقت کی اہم ضرورت ہے۔ ریلی کے اختتام پر ملک فتح خان نے 5مارچ کو احتجاجی ریلی اور مظاہرے کا اعلان کیا۔