| رپورٹ: PTUDC بلوچستان |
پاکستان پیرامیڈیکل اسٹاف ایسوسی ایشن کے 28۔29 مئی کے سپریم کونسل کے اجلاس میں بلوچستان کے پیرامیڈیکس کے نمائندوں کے فیصلے کے مطابق 15 جون 2016ء کو صوبائی انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کی تاریخ کا اعلان کیا گیا تھا۔ مقررہ تاریخ پر دو پینلوں نے اپنے کاغذات جمع کروائے مگر بعد میں عین موقع پر الیکشن سے دستبرداری کا فیصلہ کرتے ہوئے ایک پینل نے اپنے کاغذات واپس لے لیے۔ اس طرح چیئرمین الیکشن کمیٹی جناب انور زیب نے یکطرفہ طورپر واحد پینل کی صورت میں محمد اقبال شیخ کو ساتھیوں سمیت بلا مقابلہ کامیاب قرار پانے کا اعلان کیا۔
نومنتخب صدر نے پیرامیڈیکل اسٹاف کے نمائندوں سے اپنے پہلے صدارتی خطاب میں کہا کہ جس طرح پیرامیڈیکل نے نئی کابینہ پر اعتماد کرتے ہوئے انہیں اپنے مسائل کے حل کے لیے موقع فراہم کیا ہے تو میں بھی اپنی کابینہ کے ہمراہ اس پر پورا اترنے کا یقین دلاتا ہوں۔ انہوں نے کہا پیرامیڈیکل اسٹاف آج جن گوناگوں مسائل و مشکلات کا شکار ہیں انہیں ایک منظم اور مضبوط تنظیم کے بغیر حل کرنا ممکن نہیں ہے لہٰذا میری اور میری پوری ٹیم کی یہ کوشش ہوگی کہ پیرامیڈیکل اسٹاف کو حقیقی معنوں میں ایک مضبوط تنظیم کی شکل میں قیادت فراہم کی جائے۔
اس متوقع کامیابی کے باعث بلوچستان کے پیرا میڈیکل اسٹاف میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور ممبران نے ایک دوسرے کو مبارک باد دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ نومنتخب قیادت میں صلاحیت کی موجودگی پیرامیڈیکل اسٹاف کو مشکلات سے نکالنے معاون ثابت ہوگی۔ اسکے علاوہ پیرامیڈیکل اسٹاف نے دور دراز علاقوں سے اپنے نئے قائدین کو مبارکباد دیتے ہوئے اپنی نیک خواہشات کا اظہار کیا اس امید کے ساتھ کہ پرانی غلطیوں کو نہیں دہرایا جائے گا اور ان سے سبق لیتے ہوئے ممبران کی بہتری کے لیے بھرپور کوششیں کی جائیں گی۔ تاہم انہوں نے یقین دلایا کہ پیرامیڈیکل اسٹاف نے اپنی نئی قیادت پر جس طرح سے اعتماد کا اظہار کیا ہے اسی طرح ہر قدم پر اسکے شانہ بشانہ مسائل کے حل کے لیے لڑے گی۔