انقلاب پاکستان یوتھ کانفرنس

رپورٹ: کامریڈ رضوان نور:-
جے کے پی ایس ایف کے زیر اہتمام انقلاب پاکستان یوتھ کانفرنس کا انعقاد، سرمایہ داری نظام کیخلاف بغاوت کی ایک نئی چنگاری کو بھڑکانے کے مترادف ہے۔ چار اپریل 2012ء کو راولاکوٹ کے مقام پر آل پاکستان پراگریسو یوتھ الائنس کے تعاون سے جے کے پی ایس ایف کے زیر اہتمام آل پاکستان یوتھ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں جے کے پی ایس ایف ، جے کے این ایس ایف، انقلابی کونسل فیصل آباد، پی ایس ایف پنجاب، اور بی این ٹی کے سینکڑوں نوجوانوں نے شرکت کی۔ یہ اپنی نوعیت کاایک منفرد واقعہ اس حوالے سے ہے کہ پاکستان اور آزادکشمیر میں پیپلزپارٹی کی حکومتیں قائم ہیں اور پی ایس ایف اور پیپلز یوتھ سے وابستہ زیادہ تر نوجوان نوکریوں اور ایڈجسٹمنٹوں کی امید لئے وزرا اور حکومتی اہلکاروں کے دفاتر کے چکر لگا رہے ہیں۔ پارٹی کی تمام تنظیموں سے وابستہ کوئی بھی کارکن کسی بھی ایسی سیاسی سرگرمی میں حصہ لینے سے گریزاں ہے جس سرگرمی میں کسی سماجی یا معاشی ایشو پر بحث کا خدشہ موجود ہو کیونکہ وہ کارکنان وزرا اور پارٹی قیادت کو ناراض کرنے سے ڈرتے ہیں۔ ایسی کیفیت میں جب آئی ایم ٹی سے وابستہ پی ایس ایف کے چند نوجوانوں نے بھٹو کی برسی کے موقع پر انقلاب پاکستان کانفرنس کے انعقاد کا اعلان کیا تو پارٹی کے زیادہ تر کارکنان حیرت زدہ ہو گئے۔ پارٹی قیادت کی چاپلوسی کرنے والوں نے اس کانفرنس کو سبوتاژ کرنے کے لئے نہ صرف ان کامریڈز کو پارٹی سے نکالنے کے شوکاز نوٹس جاری کئے بلکہ ذرائع ابلاغ میں ایک بے ہودہ الزام تراشیوں کی مہم بھی شروع کر دی۔ لیکن انقلاب پاکستان کانفرنس کی تیاریوں میں جب کوئی کمی نہ آئی تو اسی کانفرنس کی سیاسی اہمیت کو کم تر کرنے کیلئے اسی دن راولاکوٹ میں ایک سرکاری تقریب کا انعقاد کروایا گیا جس میں مہمان خصوصی کے طور پر وزیر سماجی بہبود آزادکشمیر فرزانہ یعقوب کو بلا کر نوجوانوں کو اس کانفرنس سے دور کرنے کا آخری حربہ آزمایا گیا۔ لیکن پی ایس ایف کے کامریڈ کی طلبہ اور نوجوانوں کے بنیادی ایشوز پر ایک پرجوش مہم نے انقلاب پاکستان کانفرنس کو نئے جوش و خروش سے بھر دیا۔ چار سو سے زائد نوجوانوں پر مشتمل ریلی پوسٹ گریجویٹ کالج سے شروع ہو کر شہر کا چکر لگاتی ہوئی ہل ٹاپ ہال میں پہنچی ، کانفرنس کا آغاز مزدوروں کے ترانے انٹرنیشنل کی ریکارڈنگ کے ساتھ کیا گیا ۔ اس کے بعد برطانیہ کی کیمبرج یونیورسٹی میں یونین کے انتخابات جیتنے والے کامریڈ ارسلان غنی کا آڈیوپیغام حاضرین کو سنایا گیا۔ کانفرنس کی صدارت پی ایس ایف کے مرکزی چیئرمین پبلی سٹی بورڈ کامریڈ ثاقب فاروق نے کی جبکہ مہمان خصوصی پراگریسو یوتھ الائنس کے مرکزی آرگنائزر کامریڈ امجد شاہسوار تھے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض کامریڈ عاصم غزن نے سرانجام دیئے۔ کانفرنس میں پی ایس ایف کے مقامی نوجوانوں کی بڑے پیمانے پر شرکت نے سرکاری تقریب کی مہمان خصوصی وزیر سماجی بہبود فرزانہ یعقوب کو وہ سرکاری تقریب ختم کر کے انقلاب پاکستان کانفرنس میں یکجہتی کیلئے مجبوراً آنا پڑا۔

فرزانہ یقوب جب ہال میں داخل ہوئیں تو نوجوانوں نے درج ذیل نعروں سے اس کا استقبال کیا۔ چھین کے لے گا ہر انسان، روٹی کپڑا اور مکان، مصلحت یا جدوجہد جہد؟ جدوجہد جدوجہد!، انقلاب انقلاب سوشلسٹ انقلاب، امریکہ کا جو یار ہے غدار ہے غدار ہے، جب تک جنتا تنگ رہے گی ، جنگ رہے گی جنگ رہے گی۔ کانفرنس کے مقررین نے پیپلزپارٹی کی مصالحانہ اور سامراجی غلامی کی پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ آج دنیا بھر میں سرمایہ داری نظام تاریک کے شدید ترین زوال اور بحران کا شکار ہو کر محنت کشوں اور نوجوانوں کی ماضی کی حاصلات پر پے درپے حملے کر رہا ہے اور ان حملوں کیخلاف محنت کشوں اور نوجوانوں کی انقلابی تحریکوں کا ایک طوفان بھی امڈتا ہوا نظر آرہا ہے۔ پاکستان میں پیپلزپارٹی کی حکومت مفاہمتی پالیسی کے نام پر محنت کشوں اور نوجوانوں سے بھیانک غداری کی مرتکب ہو رہی ہے۔ مہنگائی، بیروزگاری، مہنگی تعلیم، لوڈشیڈنگ اور نجکاری کے ذریعے محنت کشوں کو برباد کیا جا رہا ہے۔ لیکن عالمی حالات اس بات کی عکاسی کرتے ہیں کہ بہت جلد اس خطے میں بھی محنت کشوں اور نوجوانوں کی انقلابی تحریک کا ایک طوفان ابھرے گا، اور اب کے بار جب انقلابی طوفان ابھرے گا تو ماضی کی طرح نہیں ہو گا کہ کوئی انقلابی تنظیم اس تحریک کو منظم کرتے ہوئے انقلاب کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے موجود نہ ہو بلکہ آج کی یہ کانفرنس ارپی وائی اے کے زیر اہتمام ملک بھر میں ہونیوالی نوجوانوں کی سرگرمیاں اس بات کا ثبوت ہے کہ اس سماج کی کوکھ میں اس کے مستقبل کو تعمیر کرنے والی قوتوں کی تشکیل کا عمل بھی تیز تر ہوتا جا رہا ہے، مستقبل عالمی سوشلسٹ انقلاب کا ہے جس کا آغاز اس خطے سے ہو گا۔ کانفرنس کا اختتام انٹرنیشنل گا کر کیا گیا۔ کانفرنس سے مرکزی آرگنائزر پراگریسو یوتھ آلائنس کامریڈ امجد شاہسوار، مرکزی چیئرمین پبلی سٹی بورڈ پی ایس ایف کامریڈ ثاقب فاروق، مرکزی صدر جے کے این ایس ایف کامریڈ راشد شیخ، ڈویژنل سیکرٹری جنرل پی پی پی آزادکشمیر کامریڈظہیر ایڈووکیٹ، پی پی پی کے مرکزی رہنما کلیم افضل ، ملک توقیر، نعیم ناز، آرگنائزر بی این ٹی ملتان ماہ بلوص اسد، بانی رہنما پی پی پی آزادکشمیر حبیب حسین شاہ، ضلعی صدر پی ایس ایف باغ شجاع منگول، صدر پی وائی او منگ کامریڈشیر باز اختر، رہنما پی ایس ایف جنوبی پنجاب کامریڈ شہریار زوق، ممبر سی سی پی ایس ایف کامران نسیم، زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی انقلابی کونسل کے چئیرمین کامریڈ عمر رشید، فرزانہ یعقوب ، کامریڈ یاسر ارشاد، تنویر رشید، الطاف چوہدری، خلیل بابر، رضوان نور اور وحید عارف نے خطاب کیا۔