سیالکوٹ: ’انقلاب روس کی تاریخ‘ کی تقریب رونمائی

رپورٹ: بابر پطرس

جدوجہد پبلی کیشنز اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے زیر اہتمام مورخہ 13 اکتوبر کوسیالکوٹ شہر میں انقلاب روس کی سو یں سالگرہ کے موقع پر لیون ٹراٹسکی کی شہرہ آفاق کتاب ’انقلا ب روس کی تاریخ‘ کے اردو ترجمے کی رونمائی کی پروقار تقریب منعقد کی گئی جس میں زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی کتاب کے مترجم عمران کامیانہ تھے جبکہ دیگر مہمانان گرامی میں انقلابی طلبہ محاذ (RSF) کے مرکزی آرگنائزر اویس قرنی، پیپلزپارٹی کے رہنما الیا س خان، PTUDC فیصل آبادکے رہنما عمر رشید، پیپلز پارٹی گوجرانوالہ ڈویژن کے نائب صدر عبداللہ سلیم، لیبر رہنما وحید بخاری، سیکرٹری ڈسٹرکٹ بار کونسل زاہد باجوہ اور کرسچن رائٹرز گلڈ کے صدر ظفر شامل تھے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض PTUDC کے سیکرٹری اطلاعات عمر شاہد نے سر انجام دئیے۔
اِس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کتاب کا پس منظر، اہمیت اور اس میں بیان کئے گئے مختلف نکات پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ انہوں نے آج کے عہد میں بالخصوص پاکستان جیسے ممالک کی زار شاہی روس سے مماثلتیں بیان کیں اور کہا کہ انقلاب روس آج بھی دنیا بھر کے محنت کشوں اور نوجوانوں کے لئے مشعل راہ ہے اور اِس انقلاب کی تاریخ، واقعات اور نظریاتی و سیاسی اساس کو سمجھنے کے لئے یہ کتاب ناگزیر اہمیت کی حامل ہے۔