حیدرآباد : این ٹی ایس ٹیسٹ پاس امیدواروں کی آفر آرڈر نہ ملنے کے خلاف احتجاجی ریلی

[رپورٹ: حاجی شاہ]
این ٹی ایس ٹیسٹ پاس کرنے والے بیروزگار نوجوانوں نے آفر آرڈر نہ ملنے کے خلاف مورخہ 15 جنوری 2014ء کو اولڈکیمپس حیدرآباد سے پریس کلب تک احتجاجی ریلی کا انعقاد کیا ، جس میں سندھ کے مختلف اضلع سے نوجوانوں اور خواتین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

نوجوانوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھائے ہوئے تھے جن پر حکومت کی تعلیم پالیسیوں، تعلیم کے وزیر و سیکریٹری کے خلاف نعروں سمیت ان کے مطالبات درج تھے۔ ریلی اولڈکیمپس سے نکل کر مختلف مقامات سے گزرتے ہوئے جب حیدرآباد پریس کلب پہنچی تو ایک جلسے کی صورت اختیار کرگئی جہاں نوجوانوں نے دھرنا دیا اور تقاریر کیں گئیں۔تقاریر کرنے والوں میں جان محمد کاتیار ، گل محمد کلہوڑو، بلاول لاکھو، ارم درس اور بیروزگار نوجوان تحریک کے جبار زئنور شامل تھے۔ مقررین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کے مختلف اضلاع سے 20 ہزار امیدوار این ٹی ایس ٹیسٹ پاس کرکے پی ایس ٹی ، جے ایس ٹی اور ایچھ ایس ٹی کے لئے اہل ثابت ہوئے ہیں لیکن کئی ماہ گزرنے کے باوجود بھی حکومت انہیں آفر آڈر نہیں دے رہی اور وہ بیروزگار ہو کر اپنے گھروں پر بیٹھے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت ہم اہل نوجوانوں کے بجائے مختلف سیاسی و سفارشی لوگوں کو نواز رہی ہے اور مستقبل میں بھی نوازے گی۔ آج حکومت 1 سال گزرنے کے بعد اب دوبارہ ٹیسٹ لینے کی باتیں کررہی ہے جس میں مزید بدعنوانی کے راستے کھولیں جائیں گے۔ انہوں نے ایک ایکشن کمیٹی تشکیل دینے کا اعلان کیا ہے جس کے ذ ریعے مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں پہلی سندھ کے مختلف اضلاع اور آخری مرحلے میں کراچی میں دھرنا دیا جائے گا۔