حیدرآباد: 14 اگست پر بیروزگار نوجوان تحریک کے زیر اہتمام سیمینار

[رپورٹ: گل حسن]
بیروزگار نوجوان تحریک (BNT) کی جانب سے نام نہاد جشن آزادی کے موقع پر حیدرآباد میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کے مختلف علاقوں اور تعلیمی اداروں سے نوجوان طلبہ نے شرکت کی۔ سیمینار کا موضوع ’’نام نہاد آزادی کے 67 سال اور سلگتا برصغیر‘‘ تھا۔ موضوع پر اظہار خیال کرتے ہوئے کامریڈ نتھو مل نے کہا کہ آج پاکستان اور ہندوستان میں ہمیں جو سرکاری تاریخ پڑھائی جاتی ہے وہ حکمران طبقے کی تاریخ ہے۔ حقائق اس کے برعکس ہیں۔ جن لوگوں نے اس نام نہاد آزادی کے لئے اپنی جانیں قربان کی تھیں ان کے حالات ان 67 سالوں میں بہتر ہونے کے بجائے بدتر ہوئے ہیں۔ دونوں ممالک کے حکمران یہاں کی عوام کو پینے کا صاف پانی تک فراہم نہیں کر سکتے۔ انفراسٹرکچر سے لیکر زندگی کی تمام ضروریات تک، معاشرہ محرومی کی گہرائیوں میں غرق ہوتا چلا جارہا ہے۔ دوسری طرف حکمران طبقے کی عیاشیاں اور لوٹ مار ہے جو تمام حدود و قیود سے آزاد ہے۔ آج پاکستان میں عمران خان اور قادری جیسے مداریوں کی جانب سے انقلاب کی لفاظی زور و شور پر ہے لیکن وقت اور حالات سب کچھ جلد بے نقاب کردیں گے۔ 67 سالوں میں اگر کسی کو آزادی ملی ہے تو وہ دونوں ممالک کا سرمایہ دار طبقہ ہے جسے عوام کا خون نچوڑنے کی مکمل آزادی ہے۔ اس تمام تر صورتحال میں اگر کسی چیز کی شدید کمی ہے تو وہ ایک انقلابی پارٹی ہے جس کی تعمیر کا فریضہ آج مارکسی نظریات سے لیس نوجوانوں اور محنت کشوں پر عائد ہوتا ہے۔ انقلابی پارٹی کی تعمیر کے فریضے کو پورا کرتے ہوئے ایک سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے برصغیر کی سوشلسٹ فیڈریشن قائم کر کے یہاں حقیقی معاشی آزادی حاصل کی جاسکتی ہے۔ لیکچر کے بعد سولات کا سلسلہ شروع کیا گیا جس کے بعد کامریڈ اویناش، گل حسن، آفتاب چانڈیو، راہول اور دیگر نے بحث کو آگے بڑھایا۔ آخر میں انٹرنیشنل گا کر سیمینار کا باقاعدہ اختتام کیا گیا۔