رپورٹ: عمار یاسر
انقلابِ روس کے صد سا لہ سالگرہ کے موقع پر اس عظیم انقلاب کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے لیون ٹراٹسکی کی شہرہ آفاق کتاب ’’History of Russian Revolution‘‘ کا اُردو ترجمہ طبقاتی جدوجہد پبلی کیشنز کی جانب سے شائع کیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں پورے ملک میں کتاب کی تقاریبِ رونمائی کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ اِسی سلسلے میں فیصل آباد پریس کلب میں مورخہ 8 دسمبر 2017ء کو کتاب کی تقریب رونمائی کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خاص ایشین مارکسسٹ ریویو کے ایڈیٹر ڈاکٹرلال خان تھے جبکہ پیپلز پارٹی پنجاب کے سیکرٹری جنرل ندیم افضل چن نے بھی خصوصی شرکت کی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض عمر رشید نے ادا کیے۔ تقریب میں فیصل آباد اور نواحی علاقوں کے مختلف اداروں سے بڑی تعداد میں طلبہ اور محنت کشوں نے شرکت کی۔
پروگرام کے آغاز میں کامریڈ بابر پطرس نے انقلابی نظم پڑھی۔ اس کے بعد کتاب کے مترجم کامریڈ عمران کامیانہ نے کتاب کے ترجمہ کے تعارف اور اہمیت پر بات رکھی۔ نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (آزاد) سے کامریڈ ثنا نے انقلاب روس میں خواتین کے کردار پر روشنی ڈالی اور کتاب کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے واضح کیا کہ قومی جمہوری انقلاب نہیں بلکہ سوشلسٹ انقلاب ہی ہماری منزل ہے۔ ترقی پسند شاعرہ ناز فاطمہ نے انقلابی نظم سنائی اور خوب داد وصول کی۔ پیپلز پارٹی کی خواتین ونگ کی رہنما ثمیہ نے کہا کہ جب تک طبقات موجود ہیں، طبقاتی کشمکش بھی موجود رہے گی۔ پیپلز پارٹی کے سٹی صدر فیصل آباد رانا نعیم دستگیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی میں مفاد پرستوں کے خلاف نظریاتی بنیادوں پر جدوجہد منظم کرنا ہو گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کے جنرل سیکرٹری ندیم افضل چن نے پاکستان میں محنت کش طبقے کے مسائل پر روشنی ڈالی اور کہا کہ محنت کش طبقے کے مسائل کا حل سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ پنجابی کے معروف انقلابی شاعربابا نجمی نے اپنی شاعری سے سامعین کے جذبات کو گرمایا۔ کامریڈ لال خان نے انقلاب روس کی تاریخ ،اس کی
حاصلات اور کتاب کی اہمیت پہ بات رکھی۔ انہوں نے پاکستان کے 1968-69ء کے انقلاب اور اس میں پیپلز پارٹی کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ انہوں نے پارٹی قیادت کو آڑے ہاتھوں لیا اور آج کے عہد میں انقلابی قوت کی تعمیر کو ناگزیر قرار دیا۔ تقریب کا اختتام تما م حاضرین نے انٹرنیشنل گا کر کیا۔