[رپورٹ: PTUDC بہاولپور]
چار ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے پر پا کستان ٹریڈ یو نین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اورگلستان ٹیکسٹائل ملز کے ایک ہزار سے زائد محنت کشوں نے احتجاجی ریلی نکالی۔ ریلی کے بعد ڈی سی او چوک پر کئی گھنٹے تک دھرنا دیا گیا۔ دھرنے کے قبل مظاہرین نے بینر اور سرخ پرچم اٹھا کر سرکٹ ہاؤس سے ڈی سی او چوک تک مارچ کیا اور’’سرمایہ داری مردہ باد‘‘ کے نعرے بلند کئے۔ ڈی سی او چوک پہنچ کر ریلی جلسے کی شکل اختیار کر گئی اور دھرنہ دیا گیا۔ محنت کشوں نے حکومتی انتظامیہ اور مل مالکان کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔ محنت کشوں سے خطاب کرتے ہو ئے کامریڈ یاسر نے کہا کہ ریاست عوام کی نمائندگی کی بجائے سر مایہ داروں کی دلا لی میں مصروف ہے۔ حکمران مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ کر کے معاشی بحران کا تمام تر بوجھ عوام کے کندھوں پر ڈال رہے ہیں۔ افراط زر کی وجہ سے محنت کش طبقے کی قوت خرید کم ہوری ہے اور اجرتیں گھٹ رہی ہیں لیکن سرمایہ داری طبقہ یہ معمولی اجرتیں بھی دینے سے انکاری ہے۔ گلستان ٹیکسٹائل ملز کے مالکان نے چار ماہ سے تنخواہیں روک رکھی ہیں جنہیں وہ ہڑپ کر نا چاہتے ہیں۔ اگر محنت کشوں کی اجرتیں اور بقایا جات ادا نہ کئے گئے تو نتائج کی تمام تر ذمہ داری مالکان پر ہوگی۔ اس کے بعد کامریڈ جلیل منگلا نے کہا کہ محنت کشوں کو سرمایہ دار طبقے کے معاشی حملوں کا مقابلہ کرنے کے لئے رنگ، نسل، مذہب اور زبان کے تعصبات کو رد کر کے یکجا ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آج تک کسی حکومت نے عوام کو یہ نہیں بتایا ہے کہ کس ملٹی نیشنل کمپنی نے کتنا منافع کمایا اور ملک سے باہر کتنا سرمایہ منتقل کیا کیونکہ یہ حکمران ان سامراجی کمپنیوں کے کمیشن ایجنٹ اور دلال ہیں۔ غریب، غریب تر اور امیر، امیر تر ہوتا جارہا ہے۔ سرمایہ داری کا خاتمہ کئے بغیر اس ذلت اور استحصال سے نجات ممکن نہیں ہے۔
دھرنہ شروع ہونے کے کئی گھنٹوں کے بعدمجبوراً ضلعی انتظا میہ کا وفد آیا اور بتایا کہ ڈی سی او مذاکرات کر نا چاہتا ہے۔ کا مریڈ یاسر اور کا مریڈ جلیل منگلا کی قیادت میں محنت کشوں کے وفد نے ڈی سی اور سے مذاکرات کئے۔ ضلعی انتظا میہ کو سینکڑوں بپھرے ہوئے مزدوروں اور حالات کی نزاکت کو دیکھتے ہو ئے ہر طرح کے تعاون کی پیش کش پر مجبور ہونا پڑا اور ڈی سی او نے اپنی مدعیت میں مل مالک میا ں نصیر کے خلاف اجرتیں نہ دے کر امن وامان خراب کر نے کی کوشش کے جرم میں 16MPO کے تحت مقد مہ درج کرایا۔ علاوہ ازیں ایس پی صدر کو مل مالک کی فوری گرفتار کے احکامات بھی صادر کئے گئے۔ اس موقع پر محنت کشوں نے انتظامیہ پر واضح کیا کہ اگر مل مالک نے مزدوروں کا حق نہ دیا تو اس سے بڑے پیمانے پر احتجاج کیا جائے گا۔ مذاکرات کے بعد محنت کش پر امن طور پر منتشر ہوگئے۔
متعلقہ:
بہاولپور: تنخواہوں کی عدم ادائیگی پر گلستان ٹیکسٹال کے محنت کشوں کا احتجاج