ملاکنڈ: کامریڈ غفران احد کے گھر پر گرنیڈ حملہ

[رپورٹ: PTUDC ملاکنڈ]
آج صبح 6 بجے کے قریب ملاکنڈ کے گاؤں آلہ ڈنڈ میں پیپلز پارٹی کے سوشلسٹ راہنما اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے مقامی آرگنائزر کامریڈغفران احد کے گھر پر نامعلوم افراد کی جانب سے گرنیڈ حملہ کیا گیا۔ حملے میں خوش قسمتی سے کوئی ہلاک یا زخمی نہیں ہوا لیکن گھر کی کھڑکیاں اور دروازے ٹوٹ گئے اور عمارت کو نقصان پہنچا۔ واقعہ کی ایف آئی آر درج کروا دی گئی ہے اور کامریڈنے اپنی سکیورٹی کو مزید سخت کرتے ہوئے عوامی رابطہ مہم کو تیز کر دیا ہے تا کہ پورے علاقے تک اپنا پیغام پہنچاتے ہوئے عوام دشمن رجعتی قوتوں کو بے نقاب کیا جائے۔

متعلقہ: فتویٰ گردی

یہ حملہ گزشتہ چند ہفتوں سے جاری انہی واقعات کا تسلسل ہے جس میں رجعتی اور مذہبی بنیاد پرست قوتیں علاقے کے مزدوروں اور کسانوں پر ہونے والے مظالم کے خلاف آواز اٹھانے پر غفران احد اور دیگر مارکسسٹوں پر فتوے صادر کر رہی تھیں۔ اسی زہریلے پراپیگنڈے کا جواب دینے کے لیے گزشتہ ہفتے ملاکنڈ پریس کلب میں ایک پریس کانفرنس بھی کی جا چکی ہے جس میں ریاستی اداروں کو تنبیہہ کی گئی تھی کہ ان سماج دشمن عناصر کو نکیل نہ ڈالی گئی تو پورے علاقے میں امن عامہ کا مسئلہ پیدا ہو سکتا ہے۔ پریس کانفرنس میں علاقے کے مزدور راہنماؤں کے علاوہ پیپلز پارٹی، عوامی نیشنل پارٹی اور پختونخواہ ملی عوامی پارٹی کے کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی تھی۔ پریس کانفرنس میں مزدور راہنماؤں نے واضح کیا کہ کوئی بھی دھونس، دھمکی یا حملہ انہیں محنت کش عوام کی آواز اٹھانے اور مزدور دشمن قوتوں کے خلاف لڑنے سے نہیں روک سکتی۔ اس موقع پر کامریڈ غفران احد نے واضح کیا تھا کہ ہم امریکی سامراج اور اس کے سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف بر سر پیکار ہیں جس کی وجہ سے ڈالر خور ملاؤں سے لے کر علاقے کے جاگیر دار، سرمایہ دار اور وڈیرے ہمارے وجود کوناپسند کرتے ہیں۔ صوبے میں تحریک انصاف اور جماعت اسلامی کی مخلوط حکومت مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہے، حکومت میں شریک ملا مذہبی جنون اور اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے عوام کی توجہ بجلی، پانی، روزگار، علاج جیسے بنیادی مسائل سے ہٹا کر مصنوعی تنازعات کی طرف مرکوز کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
PTUDC کی مرکزی قیادت نے آج کے واقعے کی پر زور مذمت کی ہے اور کہاہے کہ ایسی بزدلانہ کاروائیاں مزدور راہنماؤں کو ان کے مشن سے ہٹا نہیں سکتیں، PTUDC کے مرکزی راہنماؤں نے اپنے پیغامات میں کہا کہ ہم اس واقعہ کی تفصیلات سے نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر کی مزدور یونینوں اور فیڈریشنوں کو آگاہ کریں گے، شہریوں کی جان و مال کی حفاظت میں مکمل ناکامی اور خونخوار ملاؤں کو کھلی چھوٹ دینے پر حکومت کے خلاف احتجاجی مہم کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر کے مزدور راہنماؤں کی جانب سے وفاقی وزیر داخلہ اور وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ کو ای میل، فون اور فیکس کے ذریعے احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا، اگر اس واقعہ میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کر کے سزا نہ دی گئی تو احتجاج کا دائرہ کار وسیع کیا جائے گا۔

مذمتی پیغامات نیچے دئیے گئے پتوں پر ارسال کیے جاسکتے ہیں:
1: چوہدری نثار علی خان (وفاقی وزیر داخلہ)
Address:R Block, Pak Secretariat, Islamabad, Pakistan
Telephone:051-9212026 Fax:051-9202624
Email Address:interior.complaintcell@gmail.com

2: پرویز خٹک (وزیر اعلیٰ خیبر پختونخواہ)
Telephone:091-9222460 Ext:464 Fax:091-9212237
e-mail:complaints@crckp.gov.pk
Address: Chief Minister Secretariat Shahibzada Abdul Qayum Road, Peshawar, Pakistan

3: وزارت داخلہ خیبر پختونخواہ
Civil Secretariat Peshawar
Phone:091-9210032
Fax:091-9210201 Email:hdcomplaints@gmail.com