دادو: انقلابی شاعر لیاقت علی لیاقت کے ساتھ ادبی محفل اور مشاعرہ

| رپورٹ: کامریڈ رمیز |

طبقاتی جدوجہد اور سندھی ادبی سنگت دادو کی جانب سے انقلابی شاعر لیاقت علی لیاقت کے ساتھ ادبی محفل اور مشاعرہ منعقد کیا گیا جس کی صدارت مشہور مارکسی دانشور اور کالم نگار حمید سومرو نے کی جب کہ مہمانوں میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے صوبہ سندھ کے صدر انور پنہور، سندھی ادبی سنگت دادو کے سیکریٹری تابش بخاری اور لیاقت علی لیاقت شامل تھے۔

poet-liaqat-ali-liaqat
لیاقت علی لیاقت

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترقی پسند ادب تخلیق نہ ہونے کی وجہ سے ان کا خلا رجعت اور بنیاد پرستی نے پُر کیا ہے۔ جس کی وجہ سے سماج کے اندر ہر طرف قتل و غارت گری کا بازار گرم ہے۔ اس بنیاد پرستی میں مزید بڑھوتری سرمایہ دارانہ نظام کی زوال پزیری اور سامراجیوں نے کی ہے تاکہ اپنے منافعوں کے نظام کو چلا سکیں۔ انھوں نے کہا کہ اس وقت ترقی پسند ادب کی تخلیق کی بہت ضرورت ہے اور اس سے بھی ضروری محنت کشوں کا سوشلسٹ انقلاب ہے جو موجودہ بنیاد پرستی اور اس کے آقاؤں کا خاتمہ کرسکتا ہے۔ محفل میں مختلف شاعروں نے اپنا کلام بھی پیش کیا جن میں عاشق دادوی، شکور چارن، وزیر فرہاد، رضا لانگاھ، داؤد سکھی سومرو، نقاد تھیم، غلام رسول سومرو، خادم حسین جسکانی، غلام حیدر گھایل، زاہد لغاری اور دوسرے شامل تھے۔ جب کہ اسٹیج کی کارروائی کے فرائض کامریڈ اعجاز بگھیو اور کامریڈ حفیظ جمالی نے ادا کئے۔ مہمانوں کو صدام خاصخیلی نے استقبالیہ دیا اور قاد سندھی نے لیاقت علی لیاقت کی شاعری گا کے سنائی۔