[رپورٹ: راشد خالد]
پنجاب حکومت کی انتقامی کاروائیوں کے نتیجے میں پابندِ سلاسل ہونے والے 7 ڈاکٹرز کی ضمانت عدالت کی طرف سے منظور کئے جانے کے باوجود نوجوان ڈاکٹرز کا بھوک ہڑتالی کیمپ چوتھے روز بھی جاری رہا۔ اس موقع پر ڈاکٹر حامد نے کہا کہ ہم بھوک ہڑتال کا مقصد بہت واضح طور پر بیان کر چکے ہیں، ہماری بھوک ہڑتال کسی قسم کے ذاتی مفاد یا مطالبے کے لئے نہیں ہے بلکہ عوام کو مناسب طبی سہولیات کی مفت فراہمی کے لئے ہے۔ جب تک پنجاب حکومت ہسپتالوں میں تمام تر ادویات اور دوسری سہولیات عوام کے لیے مفت فراہم کرنے کی ضمانت نہیں دیتی ہماری بھوک ہڑتال جاری رہے گی۔
آج پراگریسو یوتھ الائنس کی اپیل پر مختلف ترقی پسند طلبہ تنظیموں کے نمائندگان نے بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ کیا اور نوجوان ڈاکٹرز کے تمام مطالبات کی حمایت کا اعلان کیا۔ بلوچ سٹوڈنٹ آرگنائزیشن (پجار) سے میر ظریف رند (آرگنائزرلاہور ڈویژن) اور حمید خان، پی ایف گلگت بلتستان سے فرحان گلگتی (صدر لاہور ڈویژن)، عدنان حسین اور شہریار، جے کے این ایس ایف سے سہیل خان (چیئر مین لاہور برانچ)، پشتون سٹوڈنٹ آرگنائزیشن سے حبیب خان ، پی ایس ایف پنجاب سے فاران یامین ، جموں کشمیر سٹوڈنٹ لبریشن فرنٹ سے اسد عارف جبکہ بیروزگار نوجوان تحریک سے کامریڈ غفار خان (آرگنائزر لاہور ڈویژن) نے بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ کرتے ہوئے نوجوان ڈاکٹرز کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا۔ اس موقع پر طلبہ تنظیموں کے نمائندوں نے کہا کہ مفت علاج ہر انسان کا بنیادی حق ہے جس کی فراہمی میں پاکستانی ریاست اور حکمران مکمل طور پر ناکام ہو چکے ہیں، آج کراچی سے لے کر کشمیر تک عوام کے مسائل سانجھے ہیں اور عام آدمی کی زندگی بیروزگاری، مہنگائی، لوڈ شڈنگ اور مہنگے علاج نے عذاب بنا دی ہے۔ نوجوان ڈاکٹرز نے عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کر کے ثابت کر دیا ہے کہ وہ ہر شہری کے لئے علاج معالجے کی بہتر سہولیات چاہتے ہیں، ایک طرف ہسپتالوں میں ادوایات موجود نہیں ہیں اور غریب مریض ایڑیاں رگڑ رگڑ کر قابلِ علاج بیماریوں سے مر رہے ہیں تو دوسری طرف پنجاب حکومت صحت کے لئے مناسب بجٹ مختص کرنے کی بجائے بیہودہ قسم کے پراجیکٹس پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے۔ مزید برآں پراگریسو یوتھ الائنس کے مرکزی آرگنائزر کامریڈ امجد شاہسوار نے کہا کہ نوجوان ڈاکٹرز نے طبقاتی جڑت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اس تاریک عہد میں جو شمع روشن کی ہے اس کے لئے ہم انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔ ینگ ڈاکٹرز ایسوی ایشن کی جدوجہد کی وجہ سے حکمرانوں کے درو دیوار لرز رہے ہیں اور وہ عوام کے حقوق کے لئے آواز بلند کرنے والوں کو بدنام کرنے کے لئے زر خرید میڈیا کے علاوہ تمام تر اوچھے ہتھ کنڈے استعمال کر رہے ہیں، لیکن جب مظلوم اپنے حق کے لئے لڑائی کے میدان میں اترتے ہیں تو دنیا کی کوئی قوت انہیں شکست نہیں دے سکتی۔ انہوں نے کہا کہ آج بہت سی سیاسی جماعتوں کے کارکن اپنی دکان چمکانے کے لیے ینگ ڈاکٹروں کے کیمپ کا دورہ کر رہے ہیں لیکن ان کا اپنا منشور عوام دشمن ہے۔ ینگ ڈاکٹروں کا مطالبہ صحت کی نجکاری کا خاتمہ ہے لیکن اس وقت رائج الوقت تمام سیاسی جماعتیں نجکاری کے ایجنڈے پر کام کر رہی ہیں۔ عمران خان کی پارٹی ہو یا جماعت اسلامی ہر پارٹی عوام دشمن ایجنڈے پر کاربند ہے۔ ہر پارٹی سرمایہ دارانہ نظام کے اندر رہتے ہوئے سیاست کر رہی ہے جبکہ مفت علاج کی فراہمی کا واحد رستہ سوشلسٹ انقلاب ہے۔ جب تک منافع پر مبنی اس انسان دشمن نظام کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک ملٹی نیشنل کمپنیاں، پرائیویٹ ہسپتالوں کے مالک،ہزاروں روپے فیسیں لینے والے پروفیسر اور یہ ظالم حکمران انسانی زندگیوں سے خون کا کھیل کھیلتے رہیں گے۔ صحت کے نظام کا دشمن سرمایے کی اجارہ داری پر مبنی نظام ہے اور ینگ ڈاکٹروں کا مطالبہ اس کو ختم کر کے ہی پورا ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ینگ ڈاکٹروں نے انتہائی بنیادی مسئلے کو اجاگر کیا ہے جسے ہر سیاسی پارٹی اپنے منشور میں نظر انداز کرتی ہے۔ لیکن اس جدوجہد کی حتمی منزل ایک سوشلسٹ انقلاب ہے جس کو حاصل کرنے کے لیے تمام مفاد پرست جماعتوں کو رد کرتے ہوئے محنت کش طبقے اور انقلابی نوجوانوں کو ساتھ جوڑنا ہو گا۔ مارکسی سوچ اور بالشویک بنیادوں پر مبنی ایک حقیقی انقلابی پارٹی تشکیل دیتے ہوئے ہی اس منطقی انجام تک پہنچا جا سکتا ہے۔ کامریڈ امجد نے کہا کہ اس طرح کی جدوجہد سماج کے دوسرے حصوں سے بھی طلوع ہوں گی اور وہ دن دور نہیں جب پاکستان کے محنت کش اور نوجوان سوشلسٹ انقلاب برپا کرتے ہوئے ان ظالم اور بے غیرت حکمرانوں کو اقتدار کے ایوانوں سے نکال باہر کریں گے اور ہر ایک ظلم اور نا انصافی کا بدلہ لیں گے۔
اس وقع پر انقلابی نوجوانوں نے ریلی بھی نکالی اور اپنے مطالبات کے حق میں جیل روڈ پر علامتی دھرنا بھی دیا۔
متعلقہ:
ینگ ڈاکٹرز کی بھوک ہڑتال کا تیسرا دن؛ ریلوے لیبر یونین کی مرکزی قیادت کا بھوک ہڑتالی کیمپ کا دورہ
ینگ ڈاکٹرز کی بھوک ہڑتال کا دوسرا دن؛ پی ٹی یو ڈی سی کی ملک گیر قیادت کا ہڑتالی کیمپ کا دورہ
عوام کو مفت علاج کی فراہمی کے لیے ینگ ڈاکٹروں کی بھوک ہڑتال