رپورٹ: رنگداری (انقلابی طلبہ محاذ)
مورخہ 23 فروری 2018ء کو فیصل آباد میں ’انقلابی طلبہ محاذ‘ (RSF) کے کلچرل ونگ ’رنگداری‘ کی جانب سے ’للکار‘ کے عنوان سے سٹریٹ تھیٹر پیش کیا گیا جس کا مرکزی خیال طبقاتی تقسیم اور استحصال پر مبنی تھا۔ پرفارمنس میں ایک مزدور کے تلخ حالاتِ زندگی کی منظر کشی کی گئی تھی۔ تھیٹر کے اختتام پر مزدور اتحاد کی ضرورت کو اجاگر کیا گیا۔ سامعین نے اس پیشکش کو بہت پسند کیا اور ’رنگداری ‘ کی ٹیم کی تالیاں بجا کر خوب حوصلہ افزائی کی گئی۔ اس پرفارمنس میں کامریڈ عمر رشید،عصمت پروین، ثقلین شاہ، سیفی، امتیازبلوچ، شرجیل، عمار یاسر، نوید، غفار بھٹی، غنی بلوچ،حمزہ سلیم اور اسلم سیف نے حصہ لیا۔ امتیاز بلوچ نے مزدور جبکہ حمزہ سلیم نے فیکٹری مالک کا کردار ادا کیا۔ غفار بھٹی نے مالک کے سیکرٹری اور غنی بلوچ اور سیفی نے منشیات کے عادی مزدوروں کا کردار ادا کیا۔ عمار یاسر اور شرجیل نے فیکٹری مالک کے سکیورٹی گارڈز کا کردار ادا کیا۔ آغاز میں عمر رشید نے ’رنگداری‘ کا تعارف پیش کیا اور اس پرفارمنس کا خلاصہ بیان کیا ۔ کامریڈ عصمت پروین نے بطور پیشکار اور ثقلین شاہ نے بطور آرٹ ڈائیریکٹر شاندار کام کیا۔ کرداروں نے مزدوروں کے معاشی استحصال، تلخ حالاتِ زندگی اور جبری مشقت جیسے عناصر کو خوبصورت انداز سے پیش کر کے خوب پذیرائی حاصل کی۔