نجکاری، مہنگائی اور مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف جدوجہد میں ملک بھر کے محنت کشوں کو ایک پلیٹ فارم متحد کرنے کے لئے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی قیادت کے ملک گیر دورے کا سلسلہ جاری ہے۔ اس سلسلے کے پہلے مرحلے میں سمالی پنجاب اور پشاور میں سیمینار اور اجلاس منعقد کئے گئے جن تفصیل ہم اپنے قارئین کے لئے پیش کر رہے ہیں۔
اسلام آباد
رپورٹ: کامریڈ قرنی
24 ستمبر 2013ء کو پاکستان پوسٹ آفس ڈائریکٹوریٹ جنرل ایمپلائز یونین (CBA) کے زیرِاہتمام نجکاری کے خلاف میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف اداروں سے مزدوروں اور مزدور رہنماوؤں نے شرکت کی۔ پاکستان پوسٹ آفس سے یونین کے جنرل سیکرٹری پرویز اختر، PIMS کے پیرامیڈیکل سٹاف سے محمد ارشد خان، نرسنگ ایسوسی ایشن سے شیر محمد ہزارہ اور نان گزٹڈ ایسوسی ایشن سے چوہدری ریاض گجر، PLF سے کامریڈ رانا عابد اور پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کیمپئین (PTUDC) کے مرکزی چیئرمین کامریڈ ریاض لنڈ اورساتھیوں نے اس موقع پر اظہار خیال کیا۔ مزدور رہنماؤں نے نجکاری اور دوسری مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف متحد ہو کر لڑنے کا اعادہ کیا اور مشترکہ اعلامیہ کی صورت میں قرار داد منظور کی۔ پروگرام کا اختتام مزدوروں کے عالمی ترانا انٹرنیشنل گا کر کیا گیا۔
راولپنڈی
رپورٹ: کامریڈ آزاد
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کیمپین( PTUDC) کی مرکزی قیادت کے ملک گیر دورے کے سلسلے میں راولپنڈی ریلوے لوکو شیڈ میں مختلف ٹریڈ یونینز اور مزدوروں کیساتھ مورخہ24 ستمبر شام5بجے ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس کا ایجنڈا ’’نجکاری، مہنگائی، بے روزگاری، لوڈشیڈنگ، دہشت گردی اور مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف مشترکہ جدو جہد؛ وقت کی اہم ضرورت‘‘ تھا۔
اس اجلاس میں ریلوے لیبر یونین کے مرکزی صدر ملک سلیم رضا اعوان، واپڈا ہائیڈرو سنٹرل ورکرز یونین کے مرکزی سینئر نائب صدر ملک فتح خان، ایپکا کے مرکزی سینئر نا ئب صدر شہزاد منظور کیانی، کامریڈ طارق محمود ریلوے ورکرز یونین، صدر لوکو شیڈ ریلوے لیبر یونین ملک ساجد، ڈویژنل جنرل سیکریٹری راجہ اعظم، صدر پنجاب سیکشن آل پاکستان لوکل گورنمنٹ ورکرز فیڈریشن غلام محمد ناز، ایڈیشنل جنرل سیکریٹری ریلوے لیبر یونین راجہ عمران، بے روزگار نوجوان تحریک شمالی پنجاب کے آرگنائزر کامریڈ آصف رشید، PLI ایمپلائز یونین (محکمہ پوسٹ) کے کامریڈ اسحاق مروت، و ائس چیئرمین PTUDC کامریڈ چنگیز ملک، صدر راولپنڈی پیپلز پارٹی کامریڈ اسحاق میر، تاج محمد، محمد بلال اعوان، فضل امین، جلال خٹک، سید عابد حسین، محمد عزیزنے شرکت کی۔
اجلاس میں مندرجہ ذیل متفقہ طور پر مندرجہ ذیل فیصلہ جات کئے گئے:
ٌپی آئی اے کی نجکاری کے خلاف تمام بڑے اداروں کی ٹریڈ یونینز کے ساتھ مل کر ملک گیر مہم کاآ غازکرنا۔
تمام اداروں میں PTUDC کے ساتھ مل کر موجودہ حکومت کی نجکاری کی پالیسیوں کے خلاف محنت کشوں کو منظم کرتے ہوئے جد و جہد کا آغاز کرنا۔
تمام ٹریڈ یونینز کو ایک مشترکہ پلیٹ فا رم پر متحد کر کے مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے جد و جہد کا آغاز کرنا۔
مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کے لیے تمام اداروں کی ٹریڈ یونینز کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی کی تشکیل کو یقینی بنانا۔
تمام ٹریڈ یونینز و ایسوسی ایشنز کی متفقہ منظوری سے 19 نکاتی مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیاجو مندرجہ ذیل ہے:
۱۔ پاکستان بھر میں مزدوروں، کسانوں اور ان کی تنظیموں، ایسوسی ایشنز، فیڈریشنز کو یکجا کر کے محنت کشوں کے مفادات کا تحفظ کرنا۔
۲۔ مزدوروں پر ریاستی، مالکان، انتظامیہ اور سامراجی حملوں کا دفاع کرنا۔
۳۔ نجکاری، ڈاؤن سائزنگ اور چھانٹیوں کی ہر شکل کے خلاف ملک گیر مہم کا آغاز اور اس میں محنت کشوں کی تمام پرتوں کی شراکت کو یقینی بنانا۔
۴۔ ٹھیکیداری، عارضی اور دیہاڑ ی داری کی بجائے مزدوروں کو مستقل نوعیت کے کام پر مستقل روزگار کی فراہمی اور تمام حقوق اور مراعات کا مہیا کیا جانا۔
۵۔ مزدوروں کو تقسیم کرنے کی غرض سے مختلف ناموں، منصوبوں اور اقدامات کی بجائے مساوی درجہ دلوا کر مزدوروں کی قوت میں اضافہ کرنا۔
۶۔ اصولی طور پر ایک فیکٹری یا ادارے میں ایک ہی یونین کے حصول کی حمایت کرنا اور یونین کے اندر حقیقی جمہوری روایات کو فروغ دیئے جانے کے لئے کردار ادا کرنا۔
۷۔ جن فیکٹریوں، صنعتوں اور اداروں میں کنٹریکٹ لیبر ہے وہاں مستقل کارکنان کی انجمنوں میں ٹھیکیداری، عارضی اور دیہاڑی دار مزدوروں کی رکنیت دلوانے کی جد و جہد کرنا۔
۸۔ مزدوروں کی کم از کم تنخواہ ایک تولہ سونے کے برابر کرانے کی جدوجہد کرنا۔
۹۔ مزدور انجمن سازی کی راہ میں تمام رکاوٹوں کو ہٹانا۔
۱۰۔ نجی شعبے کے مزدوروں کے لیے حقیقی سوشل سیکیوریٹی اور ایمپلائز اولڈ ایج بینیفٹ ادارورں کی تشکیل اور محنت کشوں کی سو فی صد رجسٹریشن کو یقینی بنانا۔
۱۱۔ تحصیل کی سطح پر لیبر کورٹس کا قیام جس کی جیوری میں مزدوروں اور ٹریڈ یونین رہنماؤں کی شمولیت ہو۔
۱۲۔ ریلوے اور ریلوے مزدور بچاؤ تحریک چلانا۔
۱۳۔ سٹیل ملز، بجلی کے شعبے، ریلوے، آئل اینڈ گیس، صحت، تعلیم، ٹیلی کام، پوسٹ، وفاقی و صوبائی محکمہ جات، ہائی ویز، آبپاشی، زراعت، کان کنی، کھاد، شکر، آٹے، سیمنٹ فیکٹریوں سمیت تمام دیگر اداروں پر سامراجی یلغار کا دفاع کرنا۔
۱۴۔ تمام صنعتی اداروں کو قومی تحویل میں لیکر مزدوروں کے جمہوری کنٹرول میں دینے کی جدوجہد۔
۱۵۔ تعلیم اور صحت کے کاروبار کو ختم کر کے دونوں شعبوں کو حقیقی خدمت کے شعبے میں تبدیل کرناتا کہ مزدوروں اور کسانوں کو مفت صحت کی سہولیات اور نئی نسل کو بلا امتیاز ہر قسم کی تعلیم برابری کی سطح پر مل سکے۔
۱۶۔ ہر مزدور، خواہ وہ کسی بھی شعبے میں کام کر رہا ہواس کو مفت رہائش کی فراہمی۔
۱۷۔ تمام محنت کشوں کو ٹرانسپورٹ کی مفت فراہمی۔
۱۹۔ گھریلو ملازمین کے تحفظ کے لیے انجمن سازی کرنا۔
واہ کینٹ
رپورٹ: کامریڈ ثاقب
محنت کشوں کے مسائل سرمایہ داری نظام کے اندر حل نہیں کئے جاسکتے، مزدورو ں کو طبقاتی جدوجہد سے سوشلسٹ انقلاب برپا کرنا ہوگا۔ بہیمانہ نج کاری کے ذریعے قومی اداروں کی لوٹ سیل کی تیاری ہوچکی ہے۔ پی آئی اے، اسٹیل ملز، ریلوے، واہ آرڈینیس فیکٹری، ٹیکسلا ہیوی مکینکل کمپلیکس، واپڈا، تعلیمی اداروں سمیت پبلک سیکٹر کو حکمران ٹولہ اپنے عزیز ولاقارب میں باٹنے کی تیاریا ں کرچکا ہے۔ چھانٹیوں اور ری سٹرکچرنگ کے ذریعے مزدوروں کو وسیع پیمانے پر بے روزگار کیا جائے گا۔ حکمران طبقہ ملک میں نیا انفراسٹرکچر تعمیر کرنے کی بجائے پہلے سے تعمیر شدہ اداروں اور انفراسٹرکچر کو تباہ کرنے کی پالیسی پر گامزن ہے۔ عالمی مالیاتی اداروں کی شرائط پوری کرنے سے مہنگائی، بے روزگاری اور افلاس میں کئی سو گنا اضافہ ہوگا۔ محنت کش طبقہ مزدورنظریات کی بنیاد پر ٹریڈ یونینز اور دیگر مزدور تنظیموں کے اتحاد سے حکمرانوں کے مذموم عزائم کو شکست دے سکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین واہ کینٹ کے زیر اہتمام مقامی ٹریڈ یونینز اور ایسوسی ایشنز کی ڈیلی گیٹ کانفرنس میں مقررین نے 25 جون کو کیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان ٹریڈ یونین کی مرکزی قیادت کے ملک گیر دورے کے پہلے مرحلے میں واہ کینٹ میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کے مرکزی چیئرمین ریاض بلوچ، سینئر وائس چیئرمین قمرالزماں خاں، مرکزی آرگنائزر راشد خالد، پی او ایف ورک مین ایسوسی ایشنزصدر طارق محمود بٹ، ایچ ایم سی ایمپلائیز یونین ٹیکسلا ڈپٹی سیکریٹری جنرل سید عطا اللہ شاہ، کے ایس بی ایمپلائیز یونین حسن ابدال کے جنرل سیکریٹری محمد اشفاق جنجوعہ، لارنس پور وولن ملز ورکرز یونین کے جنرل سیکریٹری محمد اشفاق، آل پاکستان ٹیکسٹائیلز ملز ورکرز فیڈریشن کے سینئر وائس صدر منیر بٹ، پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی وائس چیئرمین چنگیز ملک، مظہر شاہ، سلیم قریشی، الماس حیدر، شاہجہان، واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین اٹک زون کے چیئرمین سید ثمر حسین شاہ، جنرل سیکریٹری سید رحیم شاہ، ریلوے لیبر یونین کے مرکزی ایڈیشنل سیکریٹری جنرل راجہ، ، پیپلز لائیرز فورم کے رانا عابد نذیر، ٹیچر ز یونین جنڈ کے صدرصفدر عباس شاہ، نائب صدرملک حنیف، پاکستان پیپلز پارٹی واہ کینٹ کے جنرل سیکریٹری راجہ مشتاق، وطن دوست فورم کے صدر آصف محمود نے لیبر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ داری نظام کی عالمی سطح پر زوال پذیری کے موجودہ مرحلے پر ایک طرف محنت کش طبقے پر شدید حملے کئے جارہے ہیں اور ان کو ماضی کی حاصل شدہ مراعات سے محروم کیا جارہا ہے جس کی وجہ سے پاکستان میں 74 فی صد آبادی غربت کی لکیر سے نیچے کی زندگی گزارنے پر مجبور ہے اور دوسری طرف اسی عرصہ میں 450 نئے ارب پتی معرض وجود میں آچکے ہیں۔ حکمران طبقہ مفافع اور شرح منافع کی حرص میں محنت کشوں کا شدید استحصال کررہا ہے۔ مقررین نے زور دیا کہ محنت کش طبقے کو اپنے نظریات کی بنیاد پر ملک بھر کے محنت کشوں کو یکجا کرکے نج کاری، چھانٹیوں اور سامراجی پالیسیوں کے خلاف شدید مذاحمت کا آغاز کرنا چاہئے تاکہ حکمرانوں کے مزدور دشمن عزائم کو شکست دی جاسکے۔ کانفرنس میں ٹیکسلا واہ کی سطح پر مزدور رابطہ کمیٹی بنانے کا اعلان کیا گیا جس میں تمام یونینز اور ایسوسی ایشنز نے شمولیت کا اعلان کیا۔
پشاور
رپورٹ: کامریڈ نعمان خان
پشاور میں 26 جون کو PTUDC کے زیر اہتمام نجکاری اور مزدور دشمن پالیسیوں کے خلاف سیمینار کا نعقاد کیا گیا جس میں واپڈا سے مستجا ب لالہ مزدور یار اورگوہر تاج، نادرا سے گوہر ایوب مروت اور سلیم شیرپاؤ، رکشہ یونین سے مراد خان، موبی لنک ٹاور یونین سے نسیم خان، ریلوے ورکر یونین سے کامریڈ فرہاد، کامریڈ ارشد علی، کامریڈ فضل قادر، کامریڈ سبز علی اور کامریڈ فرمان، پیپلز لیبر فیڈریشن سے طلحہ محمد، حیات آبا د انڈسٹریل اسٹیٹ سے کامریڈ شیر عالم، محکمہ تعلیم سے کامریڈ راشد، بیروزگار نوجوان تحریک سے کامریڈ ارشد خان، کامریڈ نعمان خان، کامریڈ عبدُاللہ اور کامریڈ ساجد نے شرکت کی۔ شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ موجودہ وقت میں تمام محنت کشوں کے مسائل ایک ہیں اور حکمران طبقہ باربار محنت کشوں پر وار کر رہا ہے۔ موجودہ حکومت کے آنے سے پی آئی اے اور دوسرے سرکاری اداروں کی نجکاری کی کوشش کی جارہی ہے اور بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بیروزگاری نے زندگی عذاب بنا دی ہے۔ اس ذلت کے خلاف اب ہمیں متحد ہوکر جدوجہدکرنا ہوگی۔
ُPTUDC کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین کامریڈ قمر الزمان خان نے دنیا میں محنت کش طبقے کی جدوجہد کی تاریخ پر نظر دوڑائی اور کہا دنیامیں آج تک محنت کش طبقے کے مسائل کا حل کسی پارلیمنٹ میں نہیں ہوابلکہ محنت کشوں نے ہمیشہ جدوجہد کر کے اپنے حقوق چھینے ہیں۔ کامریڈ چنگیز اور کامریڈ ریاض بلوچ نے کہا کہ PTUDC کے پشاور اور پھر پورے پاکستان کے دورے کا مقصد بھی یہی ہے کہ تمام محنت کش طبقوں کوایک پلیٹ فارم پر اکھٹاہوکر سرمایہ داروں، جاگیرداروں اور حکمرانوں سے اپنے حقوق چھینے جائیں۔ انفرادی طور پر یہ جدوجہد نا ممکن ہے اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپین کا بنیادی مقصد ’’ایک کادکھ، سب کا دکھ‘‘ کے جذبے کے تحت تمام محنت کشوں کو ایک پلیٹ فارم مہیا کرنا ہے۔
پروگرام کے آخر میں PTUDC خیبر پختونخواہ تنظیم کے ڈھانچے بنانے پر بھی بات رکھی گئی اور متفقہ رائے کے مطابق ایک عبوری رابطہ کمیٹی تشکیل دی گئی۔ رابطہ کمیٹی بہت جلد اپنی رپورٹ پیش کرے گی اور 10 اکتوبر 2013ء کو ایک سیمنار کا انعقاد کیا جائے گاجس میں خیبر پختونخواہ کی تمام ٹر یڈ یونینز کو دعوت دی جائیگی۔ رابطہ کمیٹی میں شامل افراد کے نام یہ ہیں:کامریڈ فضل قادر(ریلوے ورکر یونین)، طلحہ محمد (پیپلز لیبر فیڈریشن)، گوہر تاج (واپڈا ہائیڈرو الیکٹر ک یونین)، گوہر ایوب مروت (نادرا ایمپلائیز یونین)، کامریڈ سبز علی (ریلوے ورکر یونین)، مراد خان (رکشہ یونین)، نسیم خان (موبی لنک ٹاور یونین)، کامریڈ شیر عالم (انڈسٹریل اسٹیٹ)، کامریڈ ارشد علی (ریلوے لیبر یونین)، کامریڈ فرہاد خان (ریلوے ورکر یونین )، سلیم شیرپاؤ (نادرا ایمپلائیز یونین)۔