پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی قیادت کے ملک گیر دورے کے آخری مرحلے میں کوٹری، حیدرآباد، میرپور خاص اور کراچی میں نجکاری کے خلاف مزدور سیمنار اور اجلاس کا اہتمام کیا گیا جس کی رپورٹ ہم اپنے قارئین کے لئے شائع کر رہے ہیں۔
کوٹری: ریلوے ورکرز کے ساتھ میٹنگ
رپورٹ: آفتاب چانڈیو
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی جانب سے کوٹری کے ریلوے محنت کشوں کے ساتھ ایک میٹنگ کا انعقاد کیا گیا جس کا ایجنڈا ’’نجکاری کے خلاف اعلان جنگ‘‘ تھا۔ میٹنگ میں کوٹری سمیت جامشورو ڈسٹرکٹ کے دیگر علاقوں سے محنت کشوں، ریلوے ورکرز یونین اور دیگر یونینوں کے رہنماؤں نے شرکت کی۔ اجلاس کی صدارت کامریڈ حنیف مصرانی نے کی۔ اس موقع پر ریلوے ورکرز یونین کوٹری کے صدر غلام عباس لغاری، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے مرکزی چیئرمین ریاض حسین بلوچ، مرکزی آرگنائزر راشد خالد، نائب صدر چنگیز ملک و دیگر نے کہا کہ ملک کے حکمرانوں نے ریلوے سمیت تمام اداروں کی حالت خراب کردی ہے اور بیوروکریسی کی جانب سے کی گئی کرپشن کا سارا بوجھ غریب محنت کشوں پر ڈالا جارہا ہے، نجکاری کے ذریعے ریل کو مزید برباد کرنے کی سازش کی جارہی ہے اور اب ریلوے سمیت تمام اداروں کے محنت کشوں کو چاہئے کے کسی ادارے کو بکنے نہ دیا جائے۔ نجکاری کو روکنے کے لئے ہمیں محنت کشوں کی نظریاتی تربیت کا سلسلہ شروع کرنا ہوگا تاکہ محنت کشوں کو انقلابی جدوجہدکے لئے نظریاتی اور تنظیمی طور پر تیار کیا جاسکے۔
حیدر آباد:نجکاری کے خلاف مشاورتی اجلاس
رپورٹ : حنیف مصرانی
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے نجکاری کے خلاف ملک گیر دورے کے سلسلے میں حیدرآباد میں مورخہ 10 اکتوبر کو ایک مشاورتی اجلاس کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر بھر سے مختلف ٹریڈ یونین کے نمائندوں نے شرکت کرتے ہوئے بھرپور طریقے سے بحث میں حصہ لیا اور محنت کشوں کے سلگتے مسائل پر تفصیل سے روشنی ڈالی۔ اس موقع پر حکومت کی جانب سے نجکاری کے وار کا بھرپور جواب دینے کے لئے لائحہ عمل تشکیل دیا گیا۔ اجلاس میں واپڈا ہائیڈروکی جانب سے رمیش کمار، سوئی گیس کانٹریکٹ اینڈ ڈیلی ویجز ایمپلائز یونین کے سجاد شاہانی، ایچ ڈی اے واسا کے ایسر داس، او جی ڈی سی ایل سے حسن بخش کھوسو، ریلوے ورکرز یونین کے قربان بھنڈ، غلام عباس لغاری، اسٹیوٹا کے ریجنل صدر شہزاد ڈاھری اور ممتاز کلوھی نے شرکت کی جبکہ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے مرکزی چیئرمین ریاض حسین بلوچ، مرکزی آرگنائزر راشد خالد، نائب صدر چنگیز ملک، PTUDC سندھ کے صدر انور پنہور و دیگر نے اجلاس میں نجکاری کے خلاف پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے ملک گیر دورے کی تفصیلی رپورٹ پیش کرتے ہوئے حیدرآباد میں مختلف اداروں کے درمیان ایک آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز رکھی جس پر اجلاس میں شامل تمام اداروں کے نمائندگان نے غور کیا اور متفقہ طور پرمیٹنگ کے اختتام پر یہ طے پایا گیا کہ 27 اکتوبر کو نجکاری کے خلاف او جی ڈی سی ایل کی جانب سے ایک جلسہ منعقد کیا جائے گا جس میں تمام اداروں کے محنت کش بھرپور طریقے سے شرکت کریں گے۔
میرپورخاص میں مزدور کانفرنس
رپورٹ : کامریڈ امیت کمار
مورخہ 11 اکتوبر بروز جمعہ کے دن میرپورخاص پریس کلب میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کی جانب سے ’’مزدور کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا جس میں شہر کے مختلف علاقوں کے محنت کشوں اور مختلف ٹریڈ یونینز کے رہنماؤں نے شرکت کر کے محنت کشوں کے مسائل اور ان کے حل پر بات کی۔ کانفرنس میں ریلوے، اسٹیٹ لائف، واپڈا سمیت شہر کے مختلف اداروں کی یونینوں سے نمائندگان نے شرکت کی۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے مرکزی چیئرمین کامریڈ ریاض حسین بلوچ، صوبائی صدر کامریڈ انور پنہور، مرکزی آرگنائزر راشد خالد، مرکزی نائب صدر کامریڈ چنگیز ملک، میرپورخاص ڈویژن کے صدر کامریڈ پرشوتم، ہاری کمیٹی کے موہن، اسٹیٹ لائف آفیسر یونین کے جگدیش کمار، اسٹیٹ لائف ایمپلائز یونین کے وقار الدین، حاجی ارشد، شوکت بٹ، سعید، ہائیڈرو کے ملک کریم ودیگر نے کہا کہ آج ملک کا حکمران طبقہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوچکا ہے، جس بے دردی سے مہنگائی، بیروزگاری اور دوسرے عوام دشمن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ان سے صاف ظاہر ہے کہ یہ حکومت سرمایہ داروں کی خدمت گزار ہے، اتنے بڑے پیمانے پر عوام دشمن اقدامات اٹھانے کے بعد بھی یہ حکومت اب نجکاری کے ذریعے محنت کشوں کی کمر توڑنے پر تلی ہے، لیکن آج کی اس کانفرنس کا حقیقی مقصد حکمرانوں کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف لائحہ عمل ترتیب دینا ہے، مختلف اداروں کے محنت کش پچھلی کئی دہائیوں سے ایک دوسرے سے الگ ہو کر لڑائی کر رہیں لیکن ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم ان تمام بٹے ہوئے محنت کشوں کی طاقت کو طبقاتی بنیادوں پر جوڑ کر یکجا کریں۔ نجکاری کے خلاف اس لڑائی میں پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپئین ہر وقت محنت کشوں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔ کانفرنس میں میرپورخاص میں ٹریڈ یونین کے کردار اور ماضی کے تجربات پر تفصیل سے بات کی گئی اور آخر میں تمام اداروں کے نمائندگان پر مشتمل 12 رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دی گئی، آخر میں نئے جوش اور انقلابی ولولے کے ساتھ کانفرنس کا اختتام کیا گیا۔
کراچی: محنت کشوں کے نمائندوں کا اجلاس
رپورٹ: جنت حسین
12 اکتوبر 2013ء کو پورٹ ورکرز فیڈریشن پاکستان کے ہال بمقام غنی چورنگی سائٹ ایریا کراچی میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی قیادت کے ملک گیر دورے کے اختتام پر محنت کشوں کے نمائندوں کا ایک مشاورتی اجلاس منعقد کیا گیاجس میں پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے ٹریڈ یونین کے رہنماؤں اور PTUDC کے کارکنان نے شرکت کی۔ پروگرام کی صدارت PTUDC کے چیئرمین ریاض حسین بلوچ نے کی۔ پروگرام کا باقاعدہ آغاز 24 ستمبر سے شروع ہونے والے اس دورے کی تفصیلی رپورٹ اور PTUDC کے پروگرام پر ٹریڈ یونینز کی قیادت کے ردعمل اور محنت کشوں کی صورت حال پر PTUDC کے سنیئر وائس چیئرمین چنگیز ملک کی گفتگو سے ہوا۔ اس کے بعد PCہوٹل ورکرز یونین کے جنرل سیکرٹری نے بات کی اور PTUDC کی جدوجہد کو سراہا اور بتایا کہ PCہوٹل بھی پہلے پبلک سیکٹر میں تھا مگر ضیاء الحق نے اس کو نجی ملکیت میں دے دیا، اس دن سے ہمارے محنت کشوں پر شدید حملے جاری ہیں۔ اس کے بعد پاکستان ٹریڈ یونین فیڈریشن کی طرف سے مخدوم ایوب قریشی نے حکمرانوں کی پالیسیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا اور بتایا کہ نجکاری کے خلاف جدوجہد صرف نجکاری کے لئے نامزد کئے جانے والے اداروں کی نہیں ہے بلکہ پورے محنت کش طبقے کی ہے۔ اسکائی ویز یونین آف PIA ایمپلائز کی طرف سے شیخ مجید نے PIA کی صورت حال اور یونین کے کردار پر بات رکھی۔ پاکستان ورکرز فیڈریشن کے رہنما موسیٰ خان نے کہا کہ ’’دنیا بھرکہ مزدورو ایک ہو جاؤ‘‘ کے نعرے کی ضرورت اور اہمیت آج کے عہد میں بہت بڑھ چکی ہے۔ PTUDC سندھ کے جنرل سیکرٹری کامریڈ زبیر رحمان نے عالمی طور پر ابھرنے والی تحریکوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ وقت یہاں بھی آنے والا ہے لیکن اس وقت سے قبل ہمیں تیاری کرنا ہو گی۔ کراچی شو میکرز ورکرز یونین کے صدر ہردل کمار نے کہا کہ نجکاری کے خلاف ہم بھی باقی محنت کشوں کے شانہ بشانہ اس لڑائی میں شریک ہوں گے۔ یونس ٹیکسٹائل ورکرز کی طرف سے کامریڈ پال جان نے ٹیکسٹائل ورکرز کے حالات زندگی پر بات رکھی اور بتایا کہ کس طرح ان حالات کے حوالے سے ایک مضمون لکھنے پر انہیں نوکری سے فارغ کر دیا گیا۔ PTUDC کے نیشنل آرگنائزر کامریڈ راشد خالد نے 68-69ء کے انقلابی حالات پر بات کی اور بتایا کہ کس طرح اس عہد میں کراچی کا محنت کش طبقہ جدوجہد کے میدان میں آیا تھا اور لڑا تھا۔ پورٹ ورکرز فیڈریشن پاکستان کی طرف سے PTUDC کو اس جدوجہد میں اپنے تعاون کا مکمل یقین دلایاگیا۔ آخر میں PTUDC کے مرکزی چیئرمین ریاض حسین بلوچ نے تمام محنت کش نمائندوں کا شکریہ ادا کیا اور ایک مشترکہ لڑائی اور مشترکہ لائحہ عمل پر تفصیل سے بات رکھی۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض کامریڈ جنت حسین نے ادا کئے۔ اختتام پر یہ قراردادیں متفقہ طور پر منظور کر لی گئیں:
1۔ نجکاری کی ہر شکل کی مکمل مخالفت کرتے ہوئے یہ مطالبہ کرتے ہیں کہ نجکاری کی وزارت اور کمیشن کا فوری خاتمہ کیا جائے۔
2۔ تمام اداروں کو قومی ملکیت میں لے کر مزدوروں کے جمہوری کنٹرول میں دیا جائے۔
3۔ PC ہوٹل سے نکالے گئے تمام ورکرز اور یونس ٹیکسٹائل سے نکالے گئے کامریڈ جان پال کو کو فوری بحال کیا جائے اور تمام اداروں میں کنٹریکٹ اور ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کیا جائے۔