[رپورٹ: عمر شاہد]
ڈسکہ میں پیپلز یوتھ آرگنائزیشن اور پیپلز لائرز فورم کے زیر اہتما م بینظیر بھٹو کی پانچویں برسی کے موقع پر تقریب کا انعقادکیا گیا جس میں نوجوانوں، پارٹی کے بنیادی کارکنوں اور وکلاء نے شرکت کی۔ اس تقریب کے مہمانان خصوصی پیپلز پارٹی پنجاب صوبائی کونسل کے ممبر اور سینئر رہنما چوہدری نذیر ڈھلوں اور انقلابی کونسل زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے کامریڈ عمر رشید تھے۔ اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے مقررین نے کہا کہ آج پاکستان پیپلز پارٹی قیادت کی موقع پرست پالیسیوں کی وجہ سے اپنے تاریخی بحران سے گزر رہی ہے جہاں کارکنوں کی اکثریت مایوس ہو کر گھرو ں میں مقید ہو چکی ہے۔ مفاد پرست عناصر اور ضیاء کی باقیات پارٹی کی قیادت میں گھس آئے ہیں۔ پیپلز پارٹی کے موجودہ فاشٹ اور قاتل لیگوں کے ساتھ غیر فطری اتحاد نے پارٹی کو کمزور بنا دیا ہے۔ اس مفاہمتی پالیسی کی وجہ سے بیروزگاری، مہنگائی اور بیروزگاری میں تاریخی اضافہ ہو ا ہے، ہر طرف افرا تفری پھیلی ہوئی ہے جس کی وجہ سے عام آدمی کی زندگی جہنم بن چکی ہے۔ دوسری طرف کسی پارٹی کے پاس موجودہ بحران کا کوئی حل نہیں۔ 18اکتوبر 2007ء کو بے نظیر کے آمد کے موقع پر لاکھوں لوگ انقلاب کی تڑپ لے ان کے استقبال میں گئے تھے، بے نظیر تبدیلی کی امید بن چکی تھیں ان کے گرد بننے والی عوامی تحریک بڑھتی جارہی تھی جس سے خوف زدہ ہو کر سامراج اور دائیں بازو نے بے نظیر کو قتل کر کے اس تحریک کو زائل کرنے کی ناکام کو شش کی، مگر پیپلز پارٹی کی قیادت کی مجرمانہ پالیسیوں کی وجہ سے تحریک کا جمہوری قتل عام کیا گیا، لیکن سطح کے نیچے ایک بار پھر عوامی تحریک تیار ہو رہی ہے۔ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی تمام مجرمانہ غفلتوں، غلطیوں اور بحرانا ت کے باوجود 1968-69ء کے منشور کے مطابق پالیسیاں مرتب کر کے ہی قائم رہ سکتی ہے۔ اس موقع پر اس تحریک کوشعوری طور پر نوجوانوں اور محنت کشوں کی قیادت سو شلسٹ انقلاب کی منزل تک پہنچا کر ہی دم لے گی۔ مقررین میں پیپلز لائرز فورم کے رہنما شاہ نواز گورائیہ، پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے سٹی صدر چوہدری شہزاد علی، وقاص جماعتی، ڈسکہ بار ایسو سی ایشن کے جنرل سیکرٹری ناصر گھمن شامل تھے۔ تمام حاضرین نے پارٹی کے منشور کی روشنی میں غیر طبقاتی معاشرے کے لئے ناقابل مصالحت جدوجہد کر نے کا عزم ظاہر کیا۔