[رپورٹ: کامریڈ ضیاء]
9 اکتوبر 2013ء کو دادو میں پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے زیر اہتمام ’’نجکاری نامنظور‘‘ کے عنوان سے لیبر کانفرنس منعقد کی گئی جس میں واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین، ریلوے محنت کش یونین، ہوٹل مزدور یونین، پیرامیڈیکل یونین، ہائی ویز لیبر یونین، پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن، ایپکا، بیروزگار نوجوان تحریک کے رہنماؤں اور ممبران نے شرکت کی۔ کانفرنس کے مہمان خاص پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے مرکزی آرگنائزر کامریڈ راشد خالد اور مرکزی وائس چیئرمین کامریڈ چنگیز ملک تھے جب کہ اعزازی مہمانوں میں محمد وریل میرانی (زونل سیکریٹری واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین)، ضمیر کوریجو (رہنما واپڈا الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین دادو)، چاچا غلام قادر انڑ (ہوٹل مزدور یونین)، عنایت جمالی (پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن)، ممتاز سولنگی (ریلوے محنت کش یونین) اور کامریڈ اعجاز بگھیو (صدر بیروزگار نوجوان تحریک صوبہ سندھ) شامل تھے۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض کامریڈ صدام نے سرانجام دئیے جب کہ کانفرنس کامریڈ محمد موریل پنھور کی زیر صدارت ہوئی۔ پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کامریڈ راشد خالد نے کہا کہ حکمران طبقہ چاہے کسی بھی صوبے یا نسل سے ہووہ اپنے طبقاتی مفاد اور اتحاد کو اولین حیثیت کا درجہ دیتے ہیں جب کہ ہم محنت کشوں کو مختلف قوموں، نسلوں، مذہبوں اور فرقوں میں بانٹ کے رکھا جاتا ہے، اگر نجکاری کے عمل کو روکنا ہے تو ہمیں طبقاتی بنیاد پر متحد ہونا پڑے گا۔ کامریڈ چنگیز ملک نے کہا کہ یہ سرکاری ادارے محنت کش عوام کے خون پسینے کی کمائی سے بنے ہیں یہ ان کی ذاتی جاگیر نہیں ہے۔ اس ریاست میں اتنی سکت نہیں کہ محنت کشوں کی تحریک کو کچل سکے، پی ٹی سی ایل کی جب نجکاری ہو رہی تھی تو محنت کشوں نے وہ لڑائی اداروں کے اندر جیت لی تھی مگر یونین کی لیڈر شپ نے اپنا ادارہ اور ضمیر حکمرانوں کے ایوانوں میں بیچ دیا اور محنت کشوں کے ساتھ غداری کی۔ ایسا ہی عمل ہر بار ہوتا ہے، اس بار بھی ہو سکتا ہے اور محنت کشوں کو چوکنا رہنا پڑیگا۔ کامریڈ نے مزید کہا کہ یہ ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین کی ہی ذمہ داری ہے کہ دیگر اداروں کے محنت کشوں کے ساتھ باہم اتحاد قائم کرنے میں پیش پیش ہو کیوں کہ محنت کشوں نے ہائیڈرو یونین کوالیکشن میں تاریخ کا سب سے بڑا مینڈیٹ دیا ہے۔ نجکاری کے علاوہ بھی ہمارے بہت مسائل ہیں۔ علاج کا مسئلہ ہے، تعلیم کا مسئلہ ہے، دہشت گردی، لوڈ شیڈنگ کا مسئلہ ہے، مہنگائی نے ہمیں تباہ و برباد کر کے رکھ دیا ہے۔ محنت کش طبقہ پر ہی یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے یہ سارے مسائل ختم کرے اور یہ مسائل ختم کیے جاسکتے ہیں۔ محنت کشوں کو ہی ایک ایسی تحریک میں منظم اور متحد ہو کر آگے جانا ہوگا اور ایک ایسا سوشلسٹ سماج تعمیر کرنا ہوگا جہاں کوئی معاشی یا طبقاتی تفریق نہ ہو۔ آخر میں کامریڈ محمد موریل نے صدارتی خطاب کیا اور پروگرام کا اختتام ہوا۔