رپورٹ: ماجد میمن
پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور طبقاتی جدوجہد کے زیر اہتمام کامریڈ ہردل کمار کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے تعزیتی ریفرنس کا انعقاد مورخہ 10 مارچ بروز جمعہ پی ایم اے ہاؤس کراچی میں کیا گیا۔ ریفرنس میں PTUDC کی قیادت، کراچی کے مزدور رہنماؤں، محنت کشوں، سیاسی کارکنوں، طلبہ و طالبات کے علاوہ کامریڈ ہردل کمار کے لواحقین نے بھی شرکت کی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ہردل کمار کے دیرینہ ساتھی بابر پنہور نے ادا کئے۔ پروگرام کے آغاز میں کامریڈ ہردل اور کامریڈ ساقی جتوئی کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی ۔اس کے بعد ہردل کمار کے دیرینہ ساتھی کامریڈ جنت نے لیاری میں اُن کے 18 برس پر محیط تنظیمی اور ٹریڈ یونین کے کام پر تفصیل سے بات رکھی۔ سینئر ٹریڈ یونین رہنما منظور رضی نے بتایا کہ کراچی کا کوئی ایسا پروگرام نہیں ہوتا تھا جس میں ہردل کمار اپنے انقلابی ساتھیوں سمیت شرکت نہیں کرتا تھا۔ کے ای ایس سی کی نجکاری سے لے کر 4500 ملازمین کو برطرف کرنے کے خلاف تحریک تک، ہر موقع پر ہردل انتہائی جرات کیساتھ محنت کشوں کے ساتھ کھڑا رہتا تھا۔ حبیب بینک ورکرز فرنٹ کے رہنما حبیب الدین جنیدی نے کامریڈ ہردل کی جدوجہد پر بات کی اور کہا کہ اس ریفرنس میں اتنی کثیر شرکت اس بات کی گواہی ہے کہ ہردل کمار واقعی ہردل عزیز انقلابی تھے۔ PTUDC کے فنانس سیکرٹری ماجد میمن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہردل ہماری ہر جدوجہد کا روح رواں اور ہماری محفلوں کا مرکز تھا۔ انتہائی مشکل وقت میں ہردل نے نہ صرف فسطائی قوتوں اور لیاری گینگ وار کا سامنا کیا بلکہ طبقاتی بنیادوں پر لیاری میں محنت کشوں کی لڑائی لڑتا رہا اور ان کی تربیت کرتا رہا۔ PTUDC کے مرکزی سیکرٹری جنرل قمر الزماں خان نے اپنے خطاب میں ہردل کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہم یہاں پر انقلابی قوتیں تعمیر کر کے کامریڈ کی موت کا بدلہ اس نظام سے لیں گے۔ PTUDC کے صدر نذر مینگل نے کہاکہ کامریڈ کی خدمات کو بھلایا نہیں جا سکتا، ہم اس قاتل نظام کو تبدیل کر کے ہردل کمار کی موت کا بدلہ لیں گے۔ دیگر مقررین میں الیاس خان ایڈووکیٹ، عبدالرؤف لنڈ، انجینئر نتھو مل، JKNSF کے سابق صدر راشد شیخ، میرپورخاص سے آئے ہوئے کامریڈ رمیش کمار، پاکستان پیرا میڈیکل اسٹاف کے رہنما پرشوتم داس، PTUDC سندھ کے صدر انور پنہور، PTUDC کے مرکزی انفارمیشن سیکرٹری ڈاکٹر چنگیز ملک، پی آئی اے اسکائی ویز یونین سے شیخ مجید، کامریڈ طارق یار، BNT فیصل آباد سے عمر رشید، بنوں سے پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کے ایڈووکیٹ بخت نیاز، لیاری سے کامریڈ کنول، میرپورخاص سے نارائن داس نے بھی خطاب میں کامریڈ ہردل کو خراج عقیدت پیش کیا۔آخر میں PTUDC کے انٹرنیشنل سیکرٹری اور ایشین مارکسسٹ ریویو کے ایڈیٹر کامریڈ لال خان نے ہردل کے ساتھ نظریاتی، سیاسی اور ذاتی دوستی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ہردل کی موت کا انتقام ہم برصغیر کے اندر سوشلسٹ انقلاب کی تیاری اور اس درندہ صفت نظام کا خاتمہ کر کے لیں گے، انہوں نے کہا کہ ہردل کمار ایک حساس طبیعت کا مالک تھا جس نے ہمیشہ زمانے کے سارے دکھ درد اپنے ذمے لیکر دوسروں کو خوش رکھا، اسی وجہ سے اپنے غموں اور دکھوں کا بوجھ دوسروں کو دینے کی بجائے خود اپنی زندگی کا خاتمہ کردیا، لیکن ہم عہد کرتے ہیں کہ بچھڑنے والے ہر ساتھی کو اپنی جدوجہد میں زندہ رکھیں گے۔ پروگرام کا اختتام محنت کشوں کا عالمی ترانہ گا کر کیا گیا۔