[رپورٹ: کامریڈ شفیق عباسی]
13 جنوری کو کار میں حیدرآباد جاتے ہوئے روڈ حادثے میں فوت ہونے والے کامریڈ راجہ محمد علی منگی کی یاد میں کے این شاہ میں بیروزگار نوجوان تحریک (BNT) کے زیر اہتمام تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ ریفرنس کی صدارت حفیظ سومرو نے کی۔ اس موقع پر ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ کامریڈ راجہ محمد علی منگی کی سوشلسٹ انقلاب کے لیے جدوجہد کو خراج تحسین پیش کرنے کے لیے آصف لاکھیر، رشید بگھیہ، سہیل چانڈیو، اعجاز ببر، رفیق کلہوڑو، عیسیٰ چانڈیو، صدام خاصخیلی، ماجد بگھیو، آفتاب چانڈیو، اعجاز بگھیو اور کامریڈ انور پنہور نے اظہار خیال کیا۔ مقررین نے کامریڈ راجہ کی انتھک جدوجہد کو سرخ سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ وہ ایک عاجز مگر پرعزم بالشویک تھے۔انہوں نے کہا کہ اس فرسودہ اور گلے سڑے سرمایہ دارانہ نظام کا بدحال انفراسٹرکچر ان کا قاتل ہے، ہم عزم کرتے ہیں کہ جس نظام کے خلاف آخری دم تک کامریڈ راجہ لڑتے رہے اسے سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے اکھاڑ پھینک کر ان کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہچائیں گے۔ ریفرنس کے اختتام پر مزدوروں کا بین الاقوامی ترانہ گا کر کامریڈ راجہ کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔