جوہی: پروفیسر سائیں بخش رند کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

رپورٹ: خادم کھوسو

کامریڈ سائیں بخش رند کی المناک وفات پر مورخہ 17 مارچ 2019ء کو جوہی میں طبقاتی جدوجہد اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی جانب سے ایک تعزیتی ریفرنس رکھا گیا جس میں بڑی تعداد میں سائیں بخش رند کے دوست احباب، مزدور ساتھیوں اور نوجوانوں نے شرکت کی۔ سائیں بخش رند ایک بہترین استاد ہونے کے ساتھ ساتھ ایک انتھک انقلابی، کہانیکار اور مزدور دوست انسان بھی تھے۔ وہ پچھلے سات سال سے کینسر جیسے موذی مرض سے نبرد آزما تھے۔ لیکن پھر بھی ٹریڈ یونین اور انقلابی کام کرتے رہے اور آخر تک کبھی مایوس نہیں ہوئے اور انسانیت کے کمیونسٹ مستقبل پر پختہ یقین رکھتے تھے۔ ریفرنس کی صدارت پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے صوبائی صدر انور پنہور نے کی جب کہ مہمانانِ خاص میں کے ٹی این اسلام آباد کے بیورو چیف قربان بلوچ ، مارکسی دانشور حمید سومرو، میونسپل کمیٹی جوہی کے وائس چیئرمین نقاد تھیم، سائیں بخش رند کے بیٹے فیروز رند، پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین جوہی کے سینئر نائب صدر اور پرائمری ٹیچرز ایسوسی ایشن کے رہنما امین جمالی شامل تھے۔ جنہوں نے اپنے خطاب میں سائیں بخش کی ذاتی و سیاسی زندگی پر روشنی ڈالی۔ ان کے علاوہ خطاب کرنے والوں میں بابر پنہور رہنما پی ٹی یو ڈی سی کراچی، اعجاز بگھیو صدر بیروزگار نوجوان تحریک سندھ، شبیر شیخ، معشوق برہمانی، وفا برہمانی، حامد لاشاری، شاعر لیاقت علی لیاقت، مرتضیٰ جمالی، خادم کھوسو، صدام خاصخیلی اور خادم جسکانی شامل تھے ۔ سٹیج سیکرٹری کے فرائض امین لغاری نے سرانجام دیے۔