رپورٹ: ’PTUDC‘ حیدرآباد
طبقاتی جدوجہد اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے دیرینہ ساتھی ’کامریڈ شیرا مسیح ‘ 17 نومبر کو شام 6:30 بجے فالج کا دورہ پڑنے سے ہم سے بچھڑ گئے۔ اُن کی عمر 61 سال تھی۔ وہ پچھلے کئی ماہ سے گردوں کی بیماری میں مبتلا تھے۔ کامریڈ شیرا نے اپنی پوری زندگی پاکستان میں محنت کشوں کے مسائل کے خلاف جدوجہد کرتے ہوئے گزاری۔ وہ گزشتہ کئی سالوں سے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے رہنما کی حیثیت سے ریلوے سمیت مختلف اداروں کے محنت کشوں کو ایک انقلابی پلیٹ فارم پر متحد کرنے کے لئے سرگرم عمل تھے۔ اُن کا آبائی شہر فیصل آباد تھا لیکن ملازمت کے سلسلے میں انہوں نے اپنی زیادہ تر زندگی کوٹری (سندھ) میں ہی گزاری۔ وہ پچھلے تیس سالوں سے ریلوے ورکرز یونین سے وابستہ تھے اور یونین کے کوٹری زون کے اہم رہنماؤں میں شامل ہوتے تھے۔ اپنے تلخ معاشی حالات کے باوجود بھی وہ طبقاتی جدوجہد کے ہر محاذ پر ڈٹے رہے ۔ کامریڈ شیرا کے بچھڑنے پر اُن کے انقلابی ساتھی ان کے اہل خانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور کامریڈ شیرا کی محنت کش طبقے کے لئے وقف زندگی کو سرخ سلام پیش کرتے ہیں۔ ہم عزم کرتے ہیں اِس دھرتی پر سوشلسٹ انقلاب برپا کر کے اُن کی جدوجہد کو منطقی انجام تک پہنچائیں گے۔