ٹھری میر واہ میں بالشویک انقلاب کی صد سالہ سالگرہ کی تقریب

رپورٹ: منظور دستی

بیروزگار نوجوان تحریک (BNT) اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی طرف سے سندھ کے پسماندہ علاقے ٹھری میرواہ میں 27 دسمبر 2017ء کو بالشویک انقلاب کی صد سالہ سالگرہ منائی گئی۔ تقریب کی صدارت PTUDC کے صوبائی صدر انور پنہور نے کی۔ جب کہ دوسرے مہمانوں میں دیدار شر اور غلام حیدر خاصخیلی شامل تھے۔ تقریب سے شرجیل شر، منظور دستی اور ظہیر شر ایڈووکیٹ نے بھی خطاب کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شرکا نے کہا کہ آج سے ایک سو سال پہلے روس میں بالشویک پارٹی کی قیادت میں سوشلسٹ انقلاب برپا ہوا تھا۔ یہ دنیا کا پہلا انقلاب تھا جو نہ صرف محنت کشوں نے برپا کیا تھا بلکہ ملک کا ریاستی انتظام بھی سنبھالا تھا اور پوری دنیا میں سماجی ترقی میں بے مثال کامیابیاں حاصل کیں۔ مقررین نے بتایا کہ دنیا میں سب سے زیادہ شرح خواندگی، سبھی لوگوں کو روزگار اور رہائش اس محنت کشوں کے انقلاب نے مہیا کی تھی۔ دنیا کے سب سے زیادہ ڈاکٹر، انجینئر اور سائنسدان اس ریاست نے پیدا کیے تھے۔ پاکستان کے ساتھ ساتھ تمام دنیا میں آج سوشلسٹ انقلاب برپا کرنے کی ضرورت ہے، جو صرف محنت کش برپا کر سکتے ہیں، تب ہی دنیا میں بھوک، ننگ اور محرومی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے۔