[رپورٹ: PTUDC رحیم یار خان]
5 نومبر کو رحیم یار خان کی علامہ اقبال لائبریری کے ہال میں بالشویک انقلاب کی 96ویں سالگرہ کے موقع پر پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کی جانب سے سیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی PTUDC کے مرکزی راہنما کامریڈ آدم پال تھے جبکہ صدارت پیپلز پارٹی کے بانی راہنما ڈاکٹر اسلم نارو نے کی۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض کامریڈ حیدر چغتائی نے ادا کیے۔
تقریب سے PTUDC کے مرکزی سینئر وائس چیئرمین قمر الزمان خان کے علاوہ مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد نے خطاب کیا جن میں خلیل بخاری،فضل محمود خان اور بیروزگار نوجوان تحریک سے مسعود کاشف شامل ہیں۔ یونی لیور یونین کے راہنما سید زمان اور فارما سوٹیکل کمپنی کی میڈم نازیہ نے بھی تقریب میں خصوصی شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے بالشویک انقلاب کی اہمیت اور اس کے آج کے عہد کے لیے اس کے اسباق پر روشنی ڈالی اور کہا کہ آج کے تمام سماجی و معاشی مسائل کا حل صرف اور صرف سوشلسٹ انقلاب ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کا حکمران طبقہ ماضی کے انقلابات کی یاد محنت کشوں کے ذہنوں سے مٹا دینا چاہتا ہے، اسی لیے کسی بھی نصاب یا ذرائع ابلاغ میں ماضی کے انقلابات اور حاصلات کا ذکر نہیں کیا جاتا۔ دوسری جانب یہ حکمران طبقہ آج عوام کو درپیش مسائل کے مصنوعی اور فروعی حل پیش کرتا ہے اور سماج پر مختلف تعصبات مسلط کیے جاتے ہیں تاکہ طبقاتی کشمکش کو پس پشت ڈالا جا سکے، لیکن جب تک اونچ اور نیچ کا سماج موجود ہے طبقاتی جدوجہد جاری رہے گی اور محنت کش طبقہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے تگ و دو کرتا رہے گا۔ ضروری ہے کہ بالشویک پارٹی کی طرز پر ایک انقلابی پارٹی تعمیر کی جائے تاکہ ظلم اور جبر کی بنیاد سرمایہ دارانہ نظام کا خاتمہ کر کے انسانیت کو ہمیشہ کے لیے غربت، بیماری،محرومی اور استحصال سے نجات دلائی جا سکے۔