| رپورٹ: اویس علی |
بالشویک انقلاب کی 99ویں سالگرہ کے موقع پر پوسٹ گریجویٹ کالج ہال میں جموں کشمیر نیشنل سٹوڈنٹس فیڈریشن (JKNSF) کے زیر اہتمام سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں نومنتخب یونٹ کی حلف برداری بھی کی گئی۔ پروگرام کا آغاز دن 11 بجے ہوا جس کی صدارت نو منتخب صدر عامر سہیل نے کی اور مہمانِ خصوصی مرکزی ایڈیٹر عزم دانیال عارف اور ضلعی صدر راولاکوٹ التمش تصدق تھے۔ سب سے پہلے بالشویک انقلاب پر التمش تصدق نے سیر حاصل گفتگو کی ۔ اس کے بعد دانیال عارف نے بالشوازم کی حاصلات اور موجودہ عہد میں اس کی اشد ضرورت پر روشنی ڈالی۔اس کے بعد سٹی صدر مجتبیٰ نے بالشویک قیادت اور کام کے طریقہ کار کی وضاحت کرتے ہوئے تنظیمی اہداف پر بات رکھی۔ اس کے بعد ڈگری کالج صدر قاضی عامر، سابق جوائنٹ سیکرٹری راجہ حسنین، نے اظہار خیال کیا۔ سیمینار کا اختتام سابق مرکزی صدر راشد شیخ نے نومنتخب یونٹ کو مبارک باد دیتے ہوئے کیا۔ انہوں نے نوجوانوں کی انقلابی ذمہ داری کو باور کرایا اور اس کے بعد سوشلزم اور سٹالنزم میں فرق بتاتے ہوئے انقلابِ روس کو راہِ نجا ت قرار دیا۔
پروگرام کے بعد JKNSF کے زیر اہتمام بھارتی مقبوضہ کشمیر میں جاری خونریزی اور ریاستی دہشت گردی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ مظاہرین نے عیدگاہ روڈ سے اپر ڈہ تک، ایشیا سرخ ہے، اس پار بھی لیں گے آزادی ، اُس پار بھی لیں گے آزادی کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ اپراڈہ کے مقام پر ریلی جلسہ عام کی شکل اختیار کر گئی اور مرکزی جنرل سیکرٹری خواجہ جمیل ، سینئر نائب صدر عصمت اللہ عابد نے تقریر کرتے ہوئے طبقاتی جڑت کو قومی آزادی کا راستہ قرار دیا۔اس دوران سٹیج سیکرٹری کے فرائض ضلعی صدر مروت راٹھور نے ادا کیے۔