جام پور میں انقلاب روس کی96 ویں سالگرہ کی تقریب

[رپورٹ: PTUDC جام پور]
3 نومبر کو جام پور پریس کلب میں انقلاب روس کی 96 ویں سالگرہ انتہائی جوش و خروش سے منائی گئی۔ پنڈال انقلابی ترانوں سے گونج رہا تھا اور اسے انقلابی نعروں سے مزین سرخ بینروں سے سجایا گیا تھا۔ تقریب میں ضلع بھر سے نوجوانوں، کسانوں اور سیاسی کارکنان نے بھرپور شرکت کی۔ تقریب کے مہمانِ خصوصی پی ٹی یو ڈی سی کے مرکزی راہنما کامریڈ آدم پال تھے جبکہ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض کامریڈ شہریار ذوق نے ادا کیے۔
تقریب کا آغاز حبیب جالب کی انقلابی نظم سے کیا گیا جسے کامریڈ عامر کریم نے ترنم میں پڑھ کر سنایا۔ اس کے بعد سرائیکی زبان کے مشہور شاعر عبدالکریم محسن سمیت دیگر شعرا نے اپنے انقلابی کلام پڑھ کر سنائے۔ کامریڈ عقیل اور دیگر گلوکاروں نے انقلابی نغمے سنا کر شرکا کے جوش و جذبے کو مزید گرما دیا اور پنڈال انقلابی نعروں سے گونجتا رہا۔ تقریب سے کامریڈ آدم پال، پیپلز پارٹی ضلع راجن پور کے سیکرٹری جنرل اور انقلابی راہنما کامریڈ عبدالرؤف لنڈایڈووکیٹ، راجن پور سے آئے ہوئے کامریڈ عاطف جاوید، کامریڈ عرفان پتافی اور دیگر نے اظہار خیال کیا اور انقلاب روس کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ آج بھی پاکستان کے تمام مسائل کا حل صرف اور صرف سوشلسٹ انقلاب ہے اور اس کو برپا کرنے کے لیے ایک انقلابی پارٹی تعمیر کرنے کی اشد ضرورت ہے۔ جب تک روس کی بالشویک پارٹی کی طرز پر مزدوروں، کسانوں اور نوجوانوں پر مشتمل انقلابی قوت منظم نہیں کی جاتی اس وقت تک محنت کشوں کی تحریکیں کسی منطقی انجام تک پہنچے بغیر دم توڑتی رہیں گی۔
تقریب کے اختتام پر ٹریفک چوک تک ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں جاگیرداری او رسرمایہ داری کے خلاف بھرپور نعرے بازی کی گئی۔ شہر کے لوگوں نے بھی ریلی میں حکمرانوں، لوڈ شیڈنگ، مہنگائی، بیروزگاری اور دیگر مسائل کے خلاف لگائے جانے والے نعروں کو خوب سراہا اور عوام کی ایک بڑی تعداد ریلی میں شامل ہو گئی۔ احتجاجی ریلی کے بعد مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔