[رپورٹ : کامریڈ ملک سراج]
روس کا بالشویک انقلاب آج بھی محنت کشوں کے لیے مشعل راہ ہے۔ سرمایہ دارانہ نظام جان لیوا بحران سے گزر رہا ہے۔ منڈی کی معیشت کا متبادل آج بھی سوشلسٹ معیشت ہی ہے۔ان خیالات کا اظہار روس میں برپا ہونے والے مزدوروں کے عظیم بالشویک انقلاب کی 95ویں سالگرہ کے موقع پر ڈیرہ غازیخان پریس کلب میں ہونے والے ایک سیمینار میں مقررین نے کیا۔سیمینار میں پاکستان ٹریڈیونین ڈیفنس کمپیئن،آ ل پاکستان پروگریسو یوتھ الائنس ، بے روزگار نوجوان تحریک اور پاکستان پیپلز پارٹی کے عہدیداران و کارکنان نے شرکت کی۔ شرکا سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان پیپلز پارٹی کے سٹی جنرل سیکرٹری اقبال بھٹہ نے کہا کہ روس کا بالشویک انقلاب آج بھی محنت کشوں کے لیے مشعل راہ ہے اور دنیا بھر میں محنت کشوں کی طبقاتی تحریکیں سرمایہ داروں اور ان کے نظام کے خلاف زور پکڑ رہی ہیں۔ بزرگ رہنما پیپلز پارٹی نبی سعید نے کہاکہ سرمایہ دارانہ نظام عالمی سطح پر جان لیوا بحران سے گزر رہا ہے ۔ ڈویژنل صدر انجمن پٹواریان رانا سجاد نے کہا کہ دنیا بھر میں طبقاتی بنیادوں پر ابھرنے والی محنت کشوں کی تحریکیں ’’سابقہ کیمونسٹوں‘‘ اور اصلاح پسندوں کے منہ پر طمانچہ ہیں ۔ پی ٹی یو ڈی سی کے آگنائزر کامریڈ گلزار لودھی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ منڈی کی معیشت کا متباد ل آج بھی سوشلسٹ معیشت ہی ہے۔تقریب کے اختتام پر تمام شرکا نے بالشویک طریقہ کار کے مطابق طلبا ، کسانوں اور محنت کشوں میں سٹڈی سرکل بنانے کا عہد کیا تاکہ مارکسزم کے نظریات کو سیکھا اور دوسروں تک پہنچایا جائے۔