| رپورٹ: ذیشان بٹ |
بالشویک انقلاب کی 99ویں سالگرہ کے موقع بیروزگار نوجوان تحریک (BNT) اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) ملتان کے زیرِ اہتمام ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا جس کی صدارت طارق چوہدری نے کی جبکہ مہمانِ خصوصی BNT کے مرکزی آرگنائزر اویس قرنی تھے۔ اسٹیج سیکرٹری کے فرائض ندیم پاشا نے سرانجام دئیے۔ اس موقع پر اویس قرنی، طارق چوہدری، اسلم انصاری، ملک بشیر اور نادر گوپانگ نے خطاب کرتے ہوئے بالشویک انقلاب کے اسباب اور اس کی حاصلات پر روشنی ڈالی۔ مقررین نے کہا کہ بالشویک انقلاب نسلِ انسانی کی تاریخ کا عظیم واقع ہے۔ انسانی تاریخ میں پہلی بار محنت کش طبقے نے سیاسی عمل کے ذریعے اقتدار پر قبضہ کر کے منصوبہ بند معیشت اور محنت کشوں کی جمہوریت کی مدد سے وہ حاصلات حاصل کیں کہ تاریخ میں جس کی کوئی مثال نہیں ملتی۔ اس انقلاب کو برپا کرنے کے لیے بالشویک پارٹی نے جدوجہد کی جو منازل طے کیں وہ آج بھی ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔ مقررین نے حالیہ امریکی انتخابات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی جیت یا ہیلری کی ہار سے ایک ہی بات ثابت ہوتی ہے کہ اب سرمایہ داری کے پاس عوام کو دینے کے لیے کچھ نہیں بچا اور آنے والے دنوں میں ٹرمپ سے زیادہ خوفناک حکمران مسلط کئے جاسکتے ہیں۔ ٹرمپ کے خلاف ہونے والے حالیہ مظاہرے کسی بڑی تحریک کو بھڑکا سکتے ہیں اور امریکہ میں اب آکوپائی وال سٹریٹ سے بڑھ کر کوئی تحریک بھڑک سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج دنیا جس بربریت، وہشت، مذہبی جنونیت، ریاستی دہشت گردی، بے روزگاری، غربت اور مہنگائی کا سامنا کر رہی ہے اُس سے نکلنے کا واحد حل سوشلسٹ انقلاب میں پنہاں ہے۔ اس موقع پر رانا سمیر، نوشیر خان اور ذیشان بٹ نے انقلابی گیت پیش کیا۔
تقریب کے اختتام پر گڈانی شپ بریکنگ یارڈ میں محنت کشوں کی اموات کے ذمہ داران کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں سرمایہ داری، لیبر ڈیپارٹمنٹ، گڈانی شپ بریکنگ یارڈ انتظامیہ اور حکومتی نا اہلی کے خلاف نعرے بلند کئے گئے ۔احتجاجی مظاہرے میں ندیم پاشا، طارق چوہدری، اسلم انصاری، عمیر، مظفر سندیلہ، شہزاد، امین بلوچ، احسن خان، اظہار خالد، سجاد نانڈلہ،صفدر، احمد فراز، علی نقوی ، زین نقوی شاہ ذیب خان اور دیگر نے شرکت کی۔