[رپورٹ: کامریڈ ضیاء]
مورخہ 25 دسمبر 2012 ء کو ہائی اسکول ٹیچرز کی ریکروٹمنٹ کے لئے دادو گرلز ہائی اسکول میں سینکڑوں بے روزگار ٹیسٹ دینے آئے۔ اس موقع پر بیروزگار نوجوان تحریک کی جانب سے لیف لیٹس تقسیم کئے گئے اور کیمپ لگایا گیاجس کو بیروزگار نوجوانوں نے بہت سراہا اور اپنے تعاون کا یقین دلاتے ہوئے رجسٹریشن کروائی۔ نوجوانوں سے گفتگو کرتے ہوئے بی این ٹی کے کارکنان نے کہا کہ جب تک یہ مردار سرمایہ دارانہ نظام رہے گا تب تک بیروزگاری رہے گی، کیونکہ یہ نظام جس نہج پہ پہنچا ہواہے وہاں بیروزگاری کا کوئی مستقل حل موجود نہیں ہے۔ بیروزگاری ایک عالمی مسئلہ بن چکی ہے اور ترقی یافتہ ممالک میں بھی نوجوانوں کی بڑی تعداد اس اذیت کا شکار ہے۔ عالمگیر بیروزگاری کا خاتمہ اس عالمگیر استحصالی سرمایہ دارانہ نظام کے خاتمے کے ساتھ ہی مشروط ہے۔ اس نظام کو اکھاڑ پھینکنے کے لئے ہم بیروزگار نوجوانوں، طلباء، مزدوروں اور کسانوں کو طبقاتی بنیادوں پر اتحاد بنانا ہوگا، سوشلسٹ پروگرام پر آگے بڑھتے ہوئے اس ایک فیصدسرمایہ دارانہ استحصالی طبقے کو شکست دے کر غیر طبقاتی معاشرے کی بنیاد رکھنی ہوگی جہاں بیروزگاری، غربت اور قلت کا تصور بھی محال ہو گا۔