[رپورٹ: قمر الزماں خاں]
صادق آباد میں اپنے قائدعاشق بھٹی کی گرفتاری پر بھٹہ مزدور سراپا احتجاج۔جعلی مقدمہ گھڑ کر انتقامی کاروائی کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔مزدوروں کو نجی جیلوں میں رکھنے والے بھٹہ مالکان اور پولیس کی ساز باز سے سپریم کورٹ کے فیصلے کی دھجیاں بکھیری جارہی ہیں۔مزدورراہنماؤں پر سنگین نوعیت کے جھوٹے مقدمات قائم کرکے حقوق کی جدوجہد سے روکا جارہا ہے مگر کوئی گرفتاری یا مقدمہ مزدور تحریک کو نہیں روک سکتا۔ضلعی پولیس آفیسر فوری طورپر ایس ایچ او اقبال آباد غلام نبی گل کو برطرف کرکے خود تفتیش کرائیں تو سارے حقائق سامنے آجائیں گے۔ان خیالات کا اظہار ضلعی انجمن مزدور بھٹہ خشت اور پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے زیر اہتمام مزدور راہنما عاشق بھٹی کی گرفتاری کے خلاف چونگی نمبر 10پراحتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے سینئر وائس چیئرمین قمرالزماں خاں،حید ر چغتائی،عمیر بھٹی،ریاض عقیل، محمد جہانزیب بابر،ملک جمعہ خاں،ظہیر الدین صدیقی،محمد عمر فاروق، غلام مرتضی، صابر علی،محمد ندیم،محمد عارف، رشید حمد،محسن جاوید انبالیہ،فرانسس بھٹی،محمد صابر،مٹھورام نے کیا۔مظاہرین کے ہاتھوں میں احتجاجی کتبے پکڑے ہوئے تھے جن پر مزدور راہنما عاشق حسین کی رہائی کا مطالبہ اور بھٹہ مزدوروں کے حقوق کے نعرے درج تھے۔
گزشتہ روز اقبال آباد پولیس کی بھاری جمعیت نے ضلعی انجمن مزدور بھٹہ خشت کے دفتر پر دھاوا بول کر انجمن کے چیف آرگنائیزر اور گزشتہ دنوں بھٹہ مالکان کی نجی جیلوں سے بھٹہ مزدوروں کورہا کرانے والے عاشق بھٹی کو گرفتار کرکے اپنے ساتھ اقبال آباد لے گئی۔انجمن کے دیگر عہدے داروں نے جب تھانہ اقبال آباد کے ایس ایچ او غلام نبی گل سے رابطہ کیا تو انہوں نے بتایا کہ ایک خاتون کی مدعیت میں عاشق بھٹی پر اغوا اور زنا کا پرچہ درج ہے۔مزدورراہنماؤں کے اصرار پر کہ ایسا کوئی وقوعہ نہیں ہوا بلکہ یہ بھٹہ مالکان کی طرف سے انتقامی کاروائیوں کا حصہ ہے جس کی دھمکیاں کئی دنوں سے عاشق بھٹی کو دی جارہی تھیں۔اس پر ایس ایچ او غلام نبی گل نے مزدور راہنماؤں سے اگلے دن آنے کا کہا تاکہ فریقین کو آمنے سامنے بٹھا کر حقائق کا پتا لگایا جاسکے۔اگلے دن جب مزدور راہنما پنجائت کے لئے تھانہ اقبال آباد پہنچے تو نہ صرف ایس ایچ موجو د نہ تھا بلکہ محرر تھانہ نے بتایا کہ ملز م عاشق بھٹی کا چالان مکمل کرکے جیل بھیج دیا گیا ہے۔بغیر کسی کٹھ اور تفتیش کے انتہائی عجلت میں اور گرفتاری کے دوسرے ہی روز‘ اتوار کے چھٹی والے دن ساری کاروائی مکمل کرنے اور چالان مکمل کرلینے کو بدنیتی گردانتے ہوئے مزدور راہنما سراپا احتجاج ہوئے اور انہوں نے ڈی پی او رحیم یارخاں کے سامنے پیش ہوکر غیر جانبدارانہ تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا۔بعد ازاں مزدورراہنماؤں اور بھٹہ مزدوروں نے ضلعی پریس کلب کے سامنے اپنے مطالبات کے حق میں مظاہرہ کیا۔