فارورڈ گیئر ورکرز یونین کے صدر محمد علی بٹ پر قاتلانہ حملہ

| رپورٹ: PTUDC سیالکوٹ |

فارورڈ گیئر ورکرز یونین کے صدر محمد علی بٹ سیالکوٹ میں عرصہ دراز سے محنت کشوں کے حقوق کے لئے انقلابی جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں۔ ان کی قیادت میں فارورڈ گیئر کے محنت کشوں نے اپنے لئے مستقل ملازمت، بونس، گریجویٹی سمیت دیگر کئی مراعات حاصل کیں۔ سیالکوٹ میں ان کی جدوجہد کی بدولت دیگر فیکٹریو ں کے محنت کشوں نے بھی اپنے حقوق کے لئے صدا بلند کی۔ سرمایہ داری کے خلاف اس بے لوث جدوجہد کو ختم کرنے کے لئے سرمایہ دارانہ قوتیں متحرک ہیں۔ پچھلے عرصہ میں شہر میں محنت کشوں کی یونینز کو ختم کرنے کے لئے سرمایہ داروں نے اپنے ایجنٹوں کے ذریعے تھانے کچہری سے لے کر میڈیا تک کو استعمال کیا۔ یونین کی قیادت کو بدنام کرنے کے لئے ان پر کئی بار جھوٹے کیس دائر کئے گئے اور کئی ایک محنت کشوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں۔ لیکن تمام تر دھونس اور دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے محمد علی بٹ اور ان کی یونین کابینہ نے اپنی جدوجہد جاری رکھی اور محنت کشوں کی حالت زندگی میں بہتری کے لئے کوشاں رہے۔

bolshevik-day-2016-in-sialkot-16
حملے سے کچھ گھنٹے قبل علی بٹ PTUDC کے زیر اہتمام بالشویک انقلاب کی سالگرہ کی تقریب میں خطاب کر رہے ہیں۔

جب ان کی جدوجہد کو تھانہ کچہری کی دھونس، میڈیا کی بلیک میلنگ اور لیبر افسر کی انکوئریا ں ختم نہ کرا سکیں تو ان کے خلاف دیگر حربے آزمانے شروع کر دیے گئے۔ کل 20 نومبر کو سیالکو ٹ میں بالشویک انقلاب کے حوالے سے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے زیر اہتمام شاندار سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس سے خطاب کرتے ہوئے محمد علی بٹ نے کہا کہ ہم PTUDC کے شانہ بشانہ سوشلسٹ انقلاب تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ فارورڈ گیئر کے محنت کشوں کی اس للکار سے بوکھلا کر کل شب محمد علی بٹ کے گھر ان پر قاتلانہ حملہ کیا گیا جس میں خنجر سے ان پر وار کئے گئے جس کی وجہ سے ان کی گردن پر گہرے زخم آئے۔ گھر والوں نے فوری طور پر قریبی ہسپتال لے گئے جہاں سے ان کو میو ہسپتال لاہور ریفر کر دیا گیا ۔ ابھی تک کی رپورٹس کے مطابق تین گھنٹے کے آپریشن کے بعد ان کو نگہداشت وارڈ میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔ ڈاکٹروں کے مطابق ان کی حالت خطرے سے باہر ہے لیکن مکمل صحت یاب ہونے میں کافی وقت لگ سکتا ہے۔ حملے کی نوعیت سنگین تھی لیکن ابھی تک حملہ آور وں کی شناخت اور مقصد واضح نہیں ہو سکا۔ لیکن صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد یہ کہنا غلط نہ ہو گا کہ اس حملے کا مقصد مزدور جدوجہد کی آواز کو خاموش کرنا تھا۔ اس حملے میں وہی عناصر شامل ہیں جو نہیں چاہتے کہ ان کے سرمائے کی حاکمیت کو کوئی چیلنج بھی کرے۔ پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین مزدور انقلاب کے ساتھی علی بٹ پر بزدلانہ قاتلانہ حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ذمہ داران کو کیفر کردار تک پہنچانے کا مطالبہ کرتی ہے۔ اس طرح کے بزدلانہ حملے انقلابیوں کو کمزور کرنے کی بجائے مزید مضبوط اور حوصلہ مند ہی کرتے ہیں۔