ایپکا کی مہنگائی، گیس، بجلی ، پیٹرول کی قیمتوں میں اضافہ کے خلاف احتجاجی ریلی

رپورٹ: کامریڈ معین:-
مورخہ12اپریل بروز جمعراتAPCAراولپنڈی ڈویژن کی جانب سے مہنگائی، گیس، بجلی اور پٹرول کی قمیتوں میں اضافہ کے خلاف اور سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں200 فیصداضافے کے حق میں مری روڈ، راولپنڈی میں احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ اس مظاہرے کی قیادت ایپکا راولپنڈی ڈویژن کے صدر و مرکزی سینئر نائب صدر شہزاد منظور کیانی نے کی۔ دیگر عہدیداران میں چوہدری مبشر، مجاہد شاہ، چوہدری کامران، مرزا توقیر، محمد زمان ملک، PTUDCکے کامریڈ چنگیز ، JKNSFکے کامریڈ معین ، کامریڈ تیمور اور سینکڑوں ملازمین نے احتجاجی ریلی میں شرکت کی۔
احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے شہزاد کیانی نے کہا کہ اب ہمیں تمام اداروں کے محنت کشوں کو اکھٹا کرکے ان ظالم حکمران طبقات کیخلاف جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے اور ایک بات واضح ہوچکی ہے کہ اب ہم اپنے حقوق اِن حکمرانوں سے چھین کر ہی لے سکتے ہیں۔
شہزاد کیانی نے یونی لیور رحیم یار خان کے برطرف محنت کشوں کے خلاف یونی لیور انتظامیہ کی ایما پر پاکٹ یونین کے ذریعے برطرف محنت کشوں کے پُر امن احتجاج پروحشیانہ تشدد کی پُر زور مذمت کی اور یونی لیور کے محنت کشوں کی جدوجہد کی حمایت کا اعلان کیا اور قرار دار مذمت پیش کی۔ جس کو تمام ملازمین نے متفقہ طور پر منظور کیا۔