[رپورٹ: PTUDC راولپنڈی]
9 فروری دن 2 بجے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) اور مزدور رابطہ کمیٹی راولپنڈی اسلام آباد کے زیر اہتمام TMA ہال سے لیاقت باغ تک نجکاری کے خلاف ریلی نکالی گئی جس میں بڑی تعداد میں بیروزگارنوجوانوں، طلباء، مزدوروں اور ٹریڈ یونین رہنماؤں نے شرکت کی۔ ریلی کی قیادت اکرم بندہ (ورکرز کنفیڈریشن)، ملک فتح خان (سینئر وائس چیئرمین واپڈا ہائیڈرو یونین)، رمضان لغاری (صدر پیپلز یونٹی راولپنڈی)، شہزاد منظور کیانی(ایپکا)، کامریڈ راجہ عمران (ریلوے لیبر یونین)، رؤف خان (ریلوے محنت کش یونین)، کامریڈ چنگیز (وائس چیئرمین PTUDC) نے کی۔ تمام ٹریڈ یونین رہنماؤں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہو ئے کہا کہ ہم واپڈا، پی آئی اے، ریلوے سمیت کسی بھی عوامی ادارے کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے۔ یہ عوامی ادارے محنت کشوں نے اپنے خون سے سینچ کر تعمیر کیے ہیں، موجودہ حکومت کھل کر مزدور دشمنی پر اتر آئی ہے۔ نواز لیگ نے ماضی میں بھی محنت کش طبقے پر خوف ناک حملے کئے ہیں اور موجودہ دور میں بھی عوامی اداروں کو اپنے من پسند سرمایہ داروں کو فروخت کیا جا رہا ہے۔ مزدور رہنماؤں کا کہنا تھا کہ ہم نہ صرف راولپنڈی اسلام آباد میں بلکہ پورے ملک میں محنت کشوں کو یکجا کرتے ہوئے ملکی پہیہ جام کر دیں گے۔ اگر حکومت اداروں کو نہیں چلا سکتی تو مزدور ان اداروں کو چلانا جانتے ہیں، عوامی اداروں کو مزدوروں کے جمہوری کنٹرول میں لے کر ان حکمرانوں کو ملک بدر کر دیا جائے گا، اور مزدور راج قائم کیا جائے گا۔