رحیم یار خان میں لیبرکانفرنس

[رپورٹ: عمیر بھٹی]
نجکاری مزدوروں کے خلاف اعلان جنگ ہے، اداروں کو بیوروکریٹس اور حکمران طبقے نے تباہ کیا اور الزام مزدوروں پر لگایا جارہا ہے، نواز حکومت کی ماضی کی نجکاری بھی اقربا پروری پر مبنی تھی، اب بھی سونے کا انڈہ دینے والے اداروں کو اونے پونے بیچا جائے گا، مزدوروں کی تمام تنظیمیں مشترکہ جدوجہد کے ذریعے حکمرانوں کو شکست دیں گی، ان خیالات کا اظہار پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین (PTUDC) کے زیر اہتمام رحیم یار خان میں 7 اکتوبر کو منعقد ہونے والی مزدور کانفرنس کے شرکا نے کیا۔ لیبر کانفرنس میں شریک پاکستان بھر کا دورہ کرنے والے پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپئین کے مرکزی سینئر وائس چیئر مین قمر زمان خان، وائس چیئر مین چنگیز ملک، مرکزی آرگنائزر راشد خالد، پاکستان فوڈ ورکرز فیڈریشن جنر ل سیکرٹری سید زمان خان، ڈسٹرکٹ ورکرز ایکشن کمیٹی کے کنونیر نعیم مہاندرہ، یونی لیور ورکر ز اتحاد یونین کے صدر احسن کھوکھر، جنرل سیکرٹری جہانزیب خٹک، واپڈا ہائیڈرو کے فدا چانڈیہ، ایپکا کے ضلعی صدر چوہدری بوٹا، جنرل سیکرٹری محبوب خان، مرکزی رہنماء اکرام الحق، پیپلز یونیٹی کے رئیس ارشاد، مسلم گوند ل، PTUDC ملتان کی آرگنائز انعم اسد، EWA شیخ زید میڈیکل کالج کے صدر عمران ارشد، MLTAP کے چیئر مین علی ملک، بھٹہ مزدو ر یونین کے عاشق بھٹی، بہاولپور ٹیچرز کے رانا ریاض، فیڈر ٹیچر کے مرکزی رہنماء ریاض کلاچی، اقلیتی رہنماء بیربل رام، NCHD کے مرکزی رہنماء ربانی بلوچ، BNT کے اے جے شہزاد، افضل کاشی، PSF کے آرگنائز عمیر بھٹی، PLB کے ڈویژنل جنرل سیکرٹری حیدر چغتائی، MRDW کے ملک ندیم، کو کا کولا ایمپلائز یونین کے اسلم بھٹی، اریگیشن لیبر یونین کے مرکزی رہنماء شبیر درانی، FFC ایمپلائز یونین کے صدر عارف شاہ اور دیگر مزدور تنظیموں کے نمائندوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سرمایہ داری نظام کے بحران اور شکست و ریخت کا نزلہ مزدوروں پر ڈالا جارہاہے، جونا قابل برداشت ہے۔ موجودہ نظام ناکا م ہو چکا ہے۔ اس کو بدلنے ہی سے مسائل کا حل ممکن ہے۔ مزدور تحریک کوبد عنوان سیاسی قیادت کے پیچھے چلنے کے بجائے محنت کش طبقے کو قیادت فراہم کرنا ہوگی۔ مزدور قیادت نے لیبر کانفرنس میں اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ کسی بھی ادارے کے مزدوروں پر حملہ کو تمام محنت کش طبقہ پر حملہ تصور کرتے ہوئے مشتر کہ طور پر جواب دیاجائے گا۔ لیبر کانفرنس میں متفقہ طور پر درج ذیل قرار دادیں منظور کی گئیں۔
*محنت کشوں کو درپیش مسائل سے نجات کیلئے مشترکہ جدوجہد کا فیصلہ کرتے ہوئے مزدور رابطہ کمیٹی تشکیل دیئے جانے کا اعلان کیا گیا۔
* پی آئی اے، ریلوے، واپڈا سمیت تمام اداروں کی نجکاری کی مذمت اور نجکاری کو مزدور اپنے اتحاد کی طاقت سے روکیں گے۔
*فیڈر ٹیچرز، کوکا کولا، یو نی لیور اور دیگر سرکاری و غیر سرکا ری اداروں سے جبری برطرفیوں کی مذمت کی گئی اور بحالی کا مطالبہ کیا گیا۔
*شیخ زید ہسپتال سمیت تما م اداروں کے غیر مستقل ورکرز کو مستقل کرنے کا مطالبہ کیا گیا۔
*ہر مزدور کی کم از کم تنخواہ ایک تولہ سونا کے برابر کی جائے۔