فیصل آباد، ڈسکہ اور گوجرانوالہ میں یوم مئی پر سیمینار اور ریلیاں

ملک کے دوسرے شہروں کے طرح مرکزی پنجاب میں بھی محنت کشوں کا عالمی دن پاکستان ٹریڈ یونین ڈیفنس کمپیئن کے زیر اہتمام انقلابی جوش و جذبے سے منایا گیا۔

فیصل آباد
رپورٹ: PTUDCٰٖ فیصل آباد
فیصل آباد میں PTUDC کے زیر اہتمام پنجاب میڈیکل کالج سٹاف کالونی میں یوم مئی کے موقع پرسیمینار کا انعقاد کیا گیا۔ اس تقریب میں زرعی یونیورسٹی سے طلباء، الائیڈ ہسپتال سے پیرا میڈیکل سٹاف، سرگودھا ٹیکسٹائل (پروسیسنگ یونٹ)، پی ٹی سی ایل اور محکمہ بہبود آبادی سے مزدور نمائندوں اور خواتین نے شرکت کی جبکہ پروگریسو یوتھ الائنس کے مرکزی آرگنائزر کامریڈ امجد شاہسوار مہمانِ خصوصی تھے۔ تقریب کا آغاز کامریڈ بینش نے انقلابی نظم پڑھ کر کیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا یوم مئی عالمی سطح پر مزدوروں کی یکجہتی کے اظہار کا دن ہے۔ 1886ء میں شکاگو کے مزدور بنیادی حقوق کے حصول کے لئے سڑکوں پر نکلے تھے جس پر امریکی سرمایہ دارانہ ریاست نے بربریت کا مظاہرہ کرتے ہوئے مزدوروں کی جدوجہد کو خون میں ڈبونے کی کوشش کی۔ آج مزدور دنیا کے مختلف حصوں میں اس زوال پذیر سرمایہ دارانہ نظام کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں۔ نہ صرف تیسری دنیا کے ممالک میں مزدوروں کے حالات 1886ء اور اس سے قبل امریکہ اور یورپ کے محنت کشوں سے بد تر ہیں بلکہ نام نہاد ترقی یافتہ ممالک کے محنت کشوں سے بھی حاصلات چھینی جا رہی ہیں۔ پاکستان کے محنت کشوں کو انتخابات کا فریب دیا جا رہا ہے لیکن ان انتخابات سے ان کے حالات میں کسی قسم کی بہتری ممکن نہیں ہے۔ منتخب ہونے والی حکومت محنت کشوں کے لئے زیادہ مشکلات لے کر آئے گی کیونکہ انتخابات میں حصہ لینے والی سیاسی پارٹیاں سرمایہ داری پر یقین رکھتی ہیں۔ سرمایہ داری کا تسلسل مزید بربادی اور خونریزی کا باعث بنے گا۔ ایسی کیفیت میں سرکاری اور نجی خدمات کے ادارے اور صنعتوں میں موجود محنت کشوں کی یکجہتی کے لئے ہمیں اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔ پروگریسو یوتھ الائنس کے نیشنل آرگنائزر کامریڈ امجدشاہسوار نے اپنے خطاب میں کہا کہ آج امریکہ سے یورپ اور افریقہ سے ایشاء تک محنت کش اس نظام کے خلاف جدوجہد کر رہے ہیں لیکن تمام ممالک میں موضوعی عنصر کی عدم موجودگی کے باعث بڑی بڑی تحریکیں سوشلسٹ انقلاب میں تبدیل نہیں ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ65 سالوں سے پاکستان کا حکمران طبقہ یہاں کے محنت کشوں کا نہ صرف استحصال کر رہا ہے بلکہ یہاں خونریزی جاری ہے اور اس خونریزی، استحصال اور اذیتوں سے نجات صرف سوشلسٹ انقلاب کے ذریعے ممکن ہے۔
کامریڈ عصمت نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض سر انجام دیئے۔ مقرین میں کامریڈ ارتقاء، انقلابی کونسل زرعی یونیورسٹی سے کامریڈ رضوان، کامریڈ ثقلین شاہ، کامریڈ ولیم روز، کامریڈ ناہید، کامریڈ راشد، پنجاب پیرا میڈیکل الائنس سے میاں طارق اور بابر شہباز، پی ٹی سی ایل سے کامریڈ مجاہدشامل تھے۔ کامریڈ عثمان، کامریڈ اقصیٰ، کامریڈ چاند اور کامریڈ مجاہد نے تقریب کے دوران انقلابی نظمیں پیش کیں۔ تقریب کا اختتام انٹرنیشنل گا کر کیا گیا۔

گوجرانوالہ
رپورٹ:زاہد بریار
محنت کشوں کے عالمی دن کی مناسبت سے PTUDC کی طرف سے گوجرانوالہ میں PWD یونین کے ہال میں ایک سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں کوکا کولا ایمپلائز یونین، اشرف سوپ، حبیب بنک لمیٹڈ ورکرز یونین، پراگریسو رائٹرز ایسو سی ایشن، اتحاد اساتذہ، واپڈا ٹاؤن ہاؤ سنگ ورکرز یونین سمیت محنت کشوں، نوجوانوں اور طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ تقریب کے مہمان خصوصی انقلابی کونسل زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے رہنما کامریڈ عمر رشیدجبکہ دیگر مہمان گرامی میں کوکا کولا ایمپلائز یونین گوجرانوالہ کے صدر یوسف سپرا، اشرف سوپ ورکرز یونین کے رہنما حاجی سراج، HBL ورکرز یونین کے مرکزی رہنما منور عاصم بھٹی اور علامہ جلال پوری کی صاحب زادی اور اتحاد اساتذہ کی راہنمامسز بخاری شامل تھیں۔ اس موقع پر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں محنت کشوں کی حالت بد سے بدتر ہو رہی ہے۔ کمر توڑ مہنگائی، لاقانونیت، بیروزگاری، نجکاری اور کنٹرکٹ ملازمتوں کی وجہ سے محنت کش طبقہ کا بدترین استحصال کیا جا رہا ہے۔ تمام سیاسی پارٹیوں کا معاشی پروگرام ایک ہونے کی وجہ سے یہ کوئی حقیقی تبدیلی لانے سے قاصر ہیں لیکن پاکستان میں 1968-69ء کی عظیم روایت موجود ہے جب محنت کشوں نے اپنی تقدیر اپنے ہاتھوں میں لے کر انقلاب برپا کر دیا تھا لیکن انقلابی قیادت کے فقدان کی وجہ سے یہ انقلاب زائل ہو گیا۔ آج پاکستان کی گرتی ہوئی معیشت اور بے ہودہ سیاست اس بات کی غمازی کر تی ہے کہ یہاں وہ روایت ایک بڑے پیمانے پر دوہرائی جانے والی ہے جس کے لئے ہمیں تیار رہنا ہوگا۔ کسی بھی نظام کو چلانے والے محنت کش ہوتے ہیں جب یہ اپنی تقدیروں کے فیصلے خود کرنے لگ جاتے ہیں تو کوئی طاقت انہیں روک نہیں سکتی۔ ہم عہد کرتے ہیں کہ سوشلسٹ انقلاب تک ناقابل مصالحت جدوجہد جاری رکھیں گے۔ دیگر مقررین میں کامریڈ مدثر، صبغت وائیں اور حنان پال شامل تھے جبکہ سٹیج سیکرٹری کے فرائض کامریڈ زاہد بریار نے ادا کئے۔ پروگرام کے بعد ریلی نکالی گئی جس میں سرمایہ دارانہ استحصال کے خلاف فلک شگاف نعرے لگائے گئے۔

ڈسکہ
رپورٹ:کامریڈ سجاد
شکا گو کے شہیدوں کو خراج تحسین پیش کرنے کے لئے ڈسکہ شہر میں PTUDC کے زیر اہتمام ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں نوجوانوں اور محنت کشوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ریلی کا آغاز ریسٹ ہاؤس چوک سے ہوا جو کہ شہر کے مختلف راستوں سے ہوتی ہوئی فوارہ چوک پر اختتام پذیر ہوئی جہاں اس نے جلسہ عام کا روپ اختیار کر لیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ 1886ء میں شکاگو کے محنت کشوں کی جدوجہد کے بدولت ہی اوقات کار آٹھ گھنٹے روزانہ مقرر ہوئے۔ محنت کشوں کی جدوجہد بھی جاری ہے۔ آج پاکستان میں مزدور دشمن قوانین اور نجکاری کے ذریعے محنت کشوں کا بد ترین استحصال کیا جا رہا ہے۔ موجودہ الیکشن کمپیئن میں کوئی پارٹی بھی محنت کشوں کے لئے بات نہیں کر رہی ہے۔ اس ملک میں ہر روز ایک نیا طوفان عوام پر مسلط کیا جاتا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ آ ج تمام مسائل کا حل صر ف منصوبہ بند معیشت ہے جو کہ ایک سوشلسٹ انقلاب پربا کرکے ہی لائی جا سکتی ہے۔ اس سلسلے میں آج تجدید عہد کا دن ہے کہ سانحہ بلدیہ ٹاؤن اور بنگلہ دیش میں محنت کشوں کا خون رائیگاں نہیں جائے گا بلکہ ان کا خون للکار ہے ان غاصب حکمرانوں کے لئے جو سمجھتے ہیں کہ ان کا نظام ہمیشہ قائم دائم رہے گا۔ آج ہم عہد کر تے ہیں کہ سوشلسٹ انقلاب تک نا قابل مصالحت جدوجہد جاری رکھیں گے۔ مقررین میں PTUDC سیالکوٹ کے کامریڈ ناصر بٹ ایڈووکیٹ، BNT کے عمر شاہد، PSF کے ملک حسن، PYA کے کامریڈ سجاداور اتحاد اساتذہ سیالکوٹ کے کامریڈ بابرشامل تھے۔